علی گڑھ،: ممتاز ماہر تعلیم اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج کی سابق پرنسپل پروفیسر ذکیہ اطہر صدیقی کو پوری، اڑیسہ میں منعقدہ ایک تقریب میں سال 2024 کی نامور شخصیت (خاتون آئیکن) کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
خواتین کی تعلیم کے میدان میں پروفیسر ذکیہ اطہر صدیقی کی غیر معمولی خدمات ہیں اور انھوں نے تعلیمی امتیاز کو فروغ دینے اور طالبات کو بااختیار بنانے میں قائدانہ کردار نبھایا ہے۔ علی گڑھ پبلک اسکول کی او ایس ڈی کی حیثیت سے انھوں نے تدریس کے جدید طریقے متعارف کرائے اور شاندار نتائج حاصل کرنے کے لیے ادارے کی رہنمائی کی۔ ان کی قیادت میں علی گڑھ پبلک اسکول کو چار دفعہ سال 2017، 2018، 2023، اور 2024 میں ڈجیٹل انڈیا مقابلہ ایوارڈ سے نوازا گیا جو تعلیم میں جدید ٹکنالوجی کے انضمام اور اختراع کی ثقافت کو فروغ دینے کے تئیں ان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ پروفیسر صدیقی کو مذکورہ ایوارڈ حکومت اڑیسہ کی ورلڈ ایجوکیشنل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے پیش کیا گیا۔