نئی دہلی/ آواز دی وائس
جمعہ کو اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے شئیر میں خرید و فروخت دیکھی گئی۔ امبوجا سیمنٹ اور اے سی سی کے شئیر میں اضافہ ہوا اور دونوں اسٹاک بالترتیب 3.81 فیصد اور 3.30 فیصد بڑھ کر بند ہوئے۔
گروپ کی فلیگ شپ کمپنی اڈانی انٹرپرائزز کے شئیر میں 2.12 فیصد اور اڈانی پورٹس کے شئیر میں 2.09 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ اڈانی ٹوٹل گیس اور این ڈی ٹی وی کے شئیر بالترتیب 1.51 فیصد اور 0.85 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔
امریکی حکومت کے محکمے کے الزامات کے بعد جمعرات کو اڈانی گروپ کے شیئرز میں زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ تاہم گروپ نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اڈانی گروپ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی محکمہ انصاف اور امریکی سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے اڈانی گرین کے ڈائریکٹرز کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ جیسا کہ امریکی محکمہ انصاف خود کہتا ہے، فردِ جرم میں الزامات شامل ہیں اور مدعا علیہان کو بے قصور سمجھا جاتا ہے جب تک کہ جرم ثابت نہ ہو جائے۔
کمپنی کے ترجمان نے مزید کہا کہ اڈانی گروپ اپنے کاموں کے تمام شعبوں میں حکمرانی، شفافیت اور ریگولیٹری تعمیل کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ہمیشہ پرعزم رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے تمام اسٹیک ہولڈرز، شراکت داروں اور ملازمین کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ایک قانون کی پاسداری کرنے والی تنظیم ہیں جو تمام قوانین کی مکمل تعمیل کرتی ہے۔
امریکہ میں لیبر مارکیٹ کے مضبوط اعداد و شمار کی وجہ سے جمعہ کو اسٹاک مارکیٹ میں زبردست خریدار دیکھنے میں آئی۔ سینسیکس اور نفٹی 2 فیصد سے زیادہ اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔
سینسیکس 1,961.32 پوائنٹس یا 2.54 فیصد کے اضافے سے 79,117.11 پر بند ہوا اور نفٹی 557.35 پوائنٹس یا 2.39 فیصد کے اضافے سے 23,907.25 پر بند ہوا۔