ااواز دی وائس
کاروباری ہفتے کے آخری دن بھی ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ میں ہریالی ہے۔ ملکی اسٹاک مارکیٹ نے جمعہ کو مسلسل دوسرے دن تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ کاروبار کے سست آغاز کے بعد، کچھ ہی دیر میں مارکیٹ میں بی ایس ای سینسیکس نے تاریخ میں پہلی بار 84 ہزار کا ہندسہ عبور کیا۔
سینسیکس نے پہلی بار 84,100 کو عبور کرکے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ اس سے پہلے جمعرات کو بھی سینسیکس نے ریکارڈ اونچی سطح بنائی تھی۔ سینسیکس کے علاوہ نفٹی بھی ریکارڈ بلندی پر پہنچ گیا ہے۔ نفٹی ایک نئی چوٹی پر ہے اور پہلی بار 25,650 کو عبور کر گیا ہے۔
مارکیٹ میں اچانک اضافہ ہوا
مقامی مارکیٹ نے آج کاروبار کا آغاز معمولی اضافے کے ساتھ کیا اور ابتدائی سیشن میں ہی مارکیٹ پر دباؤ دیکھا گیا۔ صبح 9:15 بجے، سینسیکس میں 350 پوائنٹس اور نفٹی میں تقریباً 100 پوائنٹس کا اضافہ تھا۔ کچھ منٹ بعد، صبح 9:20 بجے، سینسیکس کا فائدہ کم ہو کر 175 پوائنٹس پر آ گیا تھا اور یہ 83,370 پوائنٹس کے قریب ٹریڈ کر رہا تھا۔ تاہم، بعد میں ٹریڈنگ کے دوران، مارکیٹ نے زبردست واپسی کی اور 900 پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر ایک نیا ریکارڈ بنایا۔
صبح 11 بجے، سینسیکس نے 900 سے زیادہ پوائنٹس کے شاندار اضافہ کے ساتھ 84159 کے نشان کو عبور کیا۔ سینسیکس کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے، جب یہ 84 ہزار تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح 25,663.45 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھونے کے بعد، نفٹی 11 بجے تقریباً 225 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 25,645 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔