ورلڈ بینک: اجے پال سنگھ بنگا کا اتفاق رائے سے صدر منتخب ہونے کا امکان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-05-2023
ورلڈ بینک: اجے پال سنگھ بنگا کا اتفاق رائے سے صدر منتخب ہونے کا امکان
ورلڈ بینک: اجے پال سنگھ بنگا کا اتفاق رائے سے صدر منتخب ہونے کا امکان

 

نیو یارک: ورلڈ بینک کے 25 رکنی ایگزیکٹو بورڈ نے صدارت کے لیے امریکہ کی جانب سے نامزد شخص اجے پال سنگھ بنگا کے نام پر پیر کو ووٹنگ کی۔اجے پال ماسٹر کارڈ کے سابق سی ای او بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 63 سالہ اجے پال سنگھ بنگا، عہدے سے سبکدوش ہونے والے صدر ڈیوڈ مالپاس کی جگہ لینے کے لیے واحد امیدوار ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اتفاق رائے کی بنیاد پر ووٹ حاصل کریں گے۔
 
ورلڈ بینک کے موجودہ صدر ڈیوڈ مالپاس یکم جون عہدہ چھوڑ دیں گے اور منظوری ملنے کی صورت میں اجے پال سنگھ بنگا مئی کے شروع میں نیا عہدہ سنبھالیں گے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے فروری کے آخر میں اجے پال سنگھ بنگا کو نامزد کیا تھا۔
اجے پال سنگھ بنگا نے حالیہ ہفتوں میں شیئر ہولڈرز کو بطور ’حقیقی تبدیلی کا نمائندہ‘ متاثر کیا ہے جو عالمی ترقیاتی بینک میں تیز اصلاحات میں مدد کرے گا۔
ورلڈ بینک پر دباؤ ہے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی اور تنازعات جیسے عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے مزید زیادہ قرض دے۔
امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلین نےبتایا تھا کہ وہ اس بات پر زور دے رہی ہیں کہ اصلاحات کے ابتدائی مرحلے کی منظوری کے بعد آنے والے مہینوں میں ورلڈ بینک کی ترقی کے لیے اگلے اقدامات ’رولنگ کی بنیاد پر‘ کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اجے پال سنگھ بنگا کو منظوری مل گئی تو ورلڈ بینک کے نئے سربراہ کے لیے سب سے ضروری ہوگا کہ وہ ترقیاتی اہداف کی خاطر زیادہ سے زیادہ نجی سرمایہ لائیں۔
دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر عالمی بینک کے قیام کے بعد سے اس کی قیادت امریکی جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی قیادت ایک یورپین کر رہے ہیں۔
اجے پال سنگھ بنگا فی الحال جنرل اٹلانٹک میں وائس چیئرمین کی  سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ 11 سال تک ماسٹر کارڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر فائز رہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز نیسلے ایس اے سے کیا جہاں انہوں نے مارکیٹنگ، سیلز اور مینجمنٹ کے عہدوں پر ایک دہائی سے زائد عرصے تک کام کیا۔
اجے پال سنگھ بنگا ایک ہندوستانی فوجی افسر کے بیٹے ہیں۔ وہ پونا میں پیدا ہوئے اور دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن اور احمد آباد کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سے ایم بی اے کیا
 نیسلے ایس اے میں کام کرنے کے بعد اجے پال سنگھ بنگا نے پیپسی میں ملازمت کی اور کمپنی کو انڈیا میں اپنی فاسٹ فوڈ فرنچائز لانچ کرنے میں مدد کی۔ 1996 میں، انہوں نے سٹی گروپ کے لیے کام کرنا شروع کیا اور شمولیت کے چار سال کے اندر ہی انہیں سٹی فنانشل اور امریکی کنزیومر اثاثہ جات ڈویژن کا کاروباری سربراہ بنا دیا گیا۔
انہیں 2005 میں بینک کے تمام بین الاقوامی کنزیومر آپریشنز کی قیادت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
دراصل 2008 میں اجے پال سنگھ بنگا کو سٹی گروپ، ایشیا پیسفیک خطے کا سربراہ نامزد کیا گیا تھا۔ انہوں نے ماسٹر کارڈ میں صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کرنے کے لیے 2009 میں استعفیٰ دے دیا۔
ماسٹر کارڈ نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں اجے پال سنگھ بنگا کو سی ای او کے عہدے پر ترقی دے دی۔
ہندوستان  کی جانب سے2016 میں تجارت اور صنعت کے شعبے میں اجے پال سنگھ بنگا کو پدم شری اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ انہیں 2012 میں فارن پالیسی ایسوسی ایشن میڈل سے بھی نوازا گیا تھا۔ 2019 میں انہیں ایلس آئی لینڈ میڈل آف آنر اور بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کے گلوبل لیڈرشپ ایوارڈ دیا گیا۔