دارالعلوم وقف دیوبند کے امتحانات کا شیڈول جاری

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-03-2021
دارالعلوم وقف دیوبند
دارالعلوم وقف دیوبند

 

 

دیوبند /فیروزخان

 ایشیا کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند کی انتظامیہ کی جانب سے زیر تعلیم طلبہ کے لئے ایک اہم اعلان جاری کیا  گیا ہے۔ اعلان کے مطابق ادارہ کی ویب سائٹ سے جاری آن لائن تعلیمی نظام بہ عافیت مکمل ہو چکا ہے ۔ اس نظام کے اجراءکا مقصد طلبہ کے ضائع ہوتے تعلیمی سال کا تحفظ اور حتی الامکان تعلیمی حرج کا تدارک تھا ۔

اعلان میں بتایا گیا ہے کہ سال رواں کے لئے امتحان سالانہ کا انعقاد 6 شوال المکرم 1442ھ سے ہوگا ،اس لئے تمام قدیم طلبہ 5شوال المکرم تک جامعہ میں پہنچ جائیں اور سر پرست اجازت نامہ کو ویب سائٹ سے اپلوڈ کرنے کے بعد پر کراکر ساتھ لائیں ۔ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی کے دستخت سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی سال 1443ھ-1442ھ کے لئے از عربی دوم تا دورہ حدیث شریف جدید داخلے نہیں ہونگے ،البتہ درجہ اعدادیہ ،عربی اول ،شعبہ حفظ و تجوید (اردو حفص )میں محدود داخلے لئے جائیں گے ۔

مذکورہ درجات میں جدید داخلوں کے لئے درخواست برائے شرکت امتحان ادارہ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے ،امید وار طلبہ درخواست برائے شرکت امتحان کی تکمیل کرکے 10شعبان المعظم 1442ھ تک ادارہ کی ای میل پر ارسال کر دیں بعد منظوری تعلیمات حسب موقع امیدوار طلبہ کو امتحان تقرری کے لئے مرحلہ وار بلایا جائے گا ۔

قبل از اطلاع مزکورہ درجات میں جدید داخلے کے خواہش مند طلبہ ادارے کے لئے سفر نہ کریں ۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ رواں دورہ حدیث میں داخل طلبہ بعد تکمیل امتحان سالانہ حسب ضابطہ تکمیلات و تخصصات میں داخلہ کے مجاز ہوں گے ۔دونوں سال کے امید وار طلبہ کا نظام امتحان مشترکہ طور پر انجام پائے گا۔