باسط زرگر : سری نگر
زین الدین ولیؒ، جو کہ پندرہویں صدی کے معروف بزرگ تھے، کا سالانہ عرس مارچ-اپریل میں منایا جاتا ہے۔ یہ عرس غیر معمولی رسومات کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ مرد، عورتیں اور بچے ضلع اننت ناگ کے ایشمقام گاؤں میں واقع اُن کے مزار۔ جو ایک غار میں واقع ہے۔ پر جمع ہوتے ہیں اور مشعلیں اٹھائے ہوئے اس تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔
روایت کے مطابق زین الدین ولیؒ ۔جن کا نام بچپن میں ضیاء سنگھ تھا ۔کا تعلق ضلع کشتواڑ کے ایک راجپوت ہندو خاندان سے تھا۔ ضلع اننت ناگ کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق زین الدینؒ کی پیدائش ایک شاہی خاندان میں ہوئی اور وہ کشتواڑ کے حکمران راجاؤں کے خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ بچپن میں ضیاء سنگھ شدید بیمار ہو گئے۔ ان کی پریشان حال ماں نے ایک بزرگ صوفی، شیخ نورالدین ریشیؒ (جو کشمیر کے سب سے بڑے صوفی مانے جاتے ہیں) سے دعا کی درخواست کی۔ انہوں نے دعا کی، اس شرط پر کہ جب بچہ صحت یاب ہو جائے، تو ماں اسے کشمیر لے کر آئے گی۔
بچہ واقعی صحت یاب ہو گیا لیکن اس کی ماں وعدہ بھول گئی۔ کچھ وقت بعد بچہ دوبارہ بیمار ہو گیا۔ اُس کی ماں نے خواب میں اُسی بزرگ کو دیکھا جنہوں نے وعدہ یاد دلایا۔ تب اُس نے ضیاء سنگھ کو کشمیر لے جانے کا فیصلہ کیا۔ کشمیر پہنچ کر ماں اور بیٹے دونوں نے شیخ نورالدین ریشیؒ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔ ضیاء سنگھ کا نام تبدیل کر کے زین الدین ولیؒ رکھا گیا۔
اس کے بعد زین الدین ولیؒ شیخ نورالدین ریشیؒ کی روحانی تربیت میں رہے۔ ایک وقت آیا کہ بزرگ نے انہیں ایشمقام کی غار میں جا کر ریاضت و عبادت کا حکم دیا۔ جب زین الدین ولیؒ اس غار میں پہنچے تو وہ سانپوں اور دیگر زہریلے جانوروں سے بھری ہوئی تھی۔ انہوں نے ان سب کو غار چھوڑ دینے کا حکم دیا۔ اور جب وہ اس غار سے باہر نکلے تو ایک ولی کامل بن چکے تھے۔
اس واقعے کی یاد میں، جب وہ پہلی بار غار میں داخل ہوئے تھے، آج بھی ہر سال تمام مذاہب کے لوگ مشعلیں لے کر جمع ہوتے ہیں اور ان کے روحانی سفر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔