کشنو خلیفہ کا امام باڑہ:لکھنو میں ہندو مسلم مشترکہ عقیدت اور گنگا جمنی تہذیب کا علمبردار

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-07-2024
  کشنو خلیفہ کا امام باڑہ:لکھنو میں ہندو مسلم مشترکہ عقیدت اور گنگا جمنی تہذیب کا علمبردار
کشنو خلیفہ کا امام باڑہ:لکھنو میں ہندو مسلم مشترکہ عقیدت اور گنگا جمنی تہذیب کا علمبردار

 

لکھنو / نئی دہلی : آواز دی وائس

 محرم کا  نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کے لیے بھی قابل احترام ہونا ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی گہری جڑوں کا ایک ثبوت ہے ،ملک کے کونے کونے میں محرم  میں ہندوؤں کی نمایاں شرکت اور حصہ داری  ملک کی خوبصورتی کو بیان کرتی ہے ۔ امام حسین کی عظیم قربانی کو دنیا بھر میں یاد کیا جاتا ہے لیکن ہندوستان میں اسے بے مثال جذباتی شدت کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ہر سال محرم کے دوران، ہندو مسلمانوں کے ساتھ امام حسین کی شہادت پر ماتم کرتے ہوئے، رسومات اور تعزیہ کے جلوسوں کی سرپرستی یا شرکت کرتے ہیں۔

ایسا ہی  کچھ لکھنو میں ہر سال نظر آتا ہے جہاں ہندو  نہ صرف محرم کے جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں  بلکہ  دلچسپ بات یہ ہے کہ لکھنؤ میں کئی 'انجمن' ایسی ہیں ،جنہیں ہندو چلاتے ہیں اور  پورے محرم میں 'عزاداری' کے جلوس نکالتے ہیں اور 'مجلس'  کا اہتمام کرتے ہیں۔جبکہ 'انجمن ہند عباسیہ' اور 'انجمن ہائے سکینہ' وہ تنظیمیں ہیں جو بڑی تعداد میں محرم سے منسلک تمام ماتمی رسومات میں ہندوؤں کی بڑی تعداد میں شرکت کے لیے مشہور ہیں۔

بات یہی ختم نہیں ہوتی ہے اس کے ساتھلکھنؤ میں کئی ہندو 'امام باڑے بھی ہیں۔  ایسا ہی ایک پرانے شہر کے علاقے میں بشیرت گنج علاقے میں واقع 'کشنو خلیفہ کا امام باڑہ' ہے۔ امام باڑہ، جو 1880 میں قائم کیا گیا تھا، اپنے ہندو عزاداروں (عقیدت مندوں) کے لیے مشہور ہے۔ایسی ہی ایک مثال 'روضہ کاظمین' ہے جو 1847 میں اس وقت کے نواب امجد علی کے قریبی ساتھی جگن ناتھ اگروال نے بنوایا تھا ۔

آپ کو بتا دیں کہ  اس امام باڑے کی اب ہریش چندر دھنوک دیکھ ریکھ کررہے ہیں ۔یہ  کشنو کی پانچویں نسل اور خاندان کے سربراہ ہیں ،جو  امام حسین سے واضح محبت رکھتے ہیں۔جن کے مطابق  حضرت علی  نے دل کو روشن کیا۔ تمام مذاہب کے لیے قابل احترام ہیں ۔ایشور  ایک ہے اورہم سب اس کے بندے ہیں۔ ہمیں مل جل کر رہنا چاہیے۔اس امام باڑے کی 140 سالہ تاریخ  لکھنو شہر میں  گنگا جمنی تہذیب  کی گہرائی اور طاقت کو بھی بیان  کرتی ہے ۔ موجودہ ماحول  میں  کشنو خلیفہ کا امام باڑہ آج بھی ہندو مسلم اتحاد کا پرچم بلند کر رہا ہے۔

ہندوستان میں محرم کی تقریبات نے ہندوستان کے مسلمانوں کو متحد کرنے کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کو اپنے قریب لانے کا کام کیا ہے۔ تعزیہ ، عالم اور مہندی ہندوؤں کی توجہ اور عقیدت کے حقدار ہوتے ہیں اور ان میں بہت مقبول ہیں۔ وہ تعزیوں کے درشن کے لیے جاتے ہیں اور منتیں کرتے ہیں اور نذرانہ دیتے ہیں۔

 لکھنؤ اپنی مشہور 'گنگا جمنی تہذیب' کے لئے جانا جاتا ہے ،ساتھ ہی شہر بھی ایک مخصوص روایت کا مالک ہے، جس کے ایک حصے کے طور پر محرم کے پہلے دن سے لے کر 10 تاریخ تک 'شاہی جلوس' نکالے جاتے ہیں۔ اپنے شیعہ مسلمان بھائیوں کے احترام کے اظہار کے طور پر ان جلوسوں میں سنی مسلمان اور ہندو بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں

ایک واقعہ - ایک پیغام

  ایک قصہ یہ ہے کہ ایک دفعہ واجد علی شاہ کے دور میں عاشورہ محرم کی 10ویں تاریخ اسی دن پڑی جس دن ہندو تہوار ہولی منایا جاتا ہے جو خوشیوں اور خوشیوں سے بھرا ہوتا ہے۔ چنانچہ جب بادشاہ نے صبح اُٹھ کر دیکھا کہ لوگ سڑکوں پر اس طرح رنگ نہیں کھیل رہے ہیں جیسا کہ وہ عام طور پر کرتے ہیں تو اس نے اپنے وزیر سے دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ اپنے مسلمان بادشاہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے رعایا نے فیصلہ کیا ہے ہولی کھیلیں کیونکہ یہ سوگ کا دن ہے۔ بادشاہ اس قدر متاثر ہوا کہ اس نے پہلا رنگ پھینکنے کا فیصلہ کیا اور اپنی ہندو رعایا کو تہوار منانے دیا، ہندو صبح 10 بجے تک رنگ کھیلتے رہے اور پھر ماتم اور محرم کی دیگر رسومات میں بادشاہ کے ساتھ شامل ہوئے