لکھنؤ : ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے عزاداری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2024
 لکھنؤ : ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے عزاداری
لکھنؤ : ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے عزاداری

 

ڈاکٹر شبانہ رضوی : نئی دہلی 

 شہرِ محبت، لکھنؤشیعہ ثقافت کا ایک اہم مرکز ہے۔ یہاں عزاداری کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور اسے بڑے اہتمام کے ساتھ برپا  کیاجاتا ہے۔حضرت امام حسین، حضرت محمد ﷺ کے نواسے، نے اسلام کی سچائی اور انصاف کے لیے61ہجری میں کربلا  کی جنگ میں اپنے خاندان اور ساتھیوں کے ساتھ شہادت پائی۔ امام حسین اور ان کے 71 ساتھی یزید کی فوج کے خلاف لڑے اور شہید ہو گئے۔ امام حسین کی شہادت نے اسلامی تاریخ میں ایک اہم موڑ لا دیا اور انہیں ظلم کے خلاف جدوجہد کا نشان بنا دیا۔محرم الحرام میں امام حسین  کی شہادت کی یاد میںمنعقد کی جانے والی مجالس، جلوس، نوحہ، سینہ زنی، سیاہ لباس، قمہ اور دیگر رسوم کو عزاداری کہا جاتا ہے۔ عزاداری نہ صرف مذہبی اہمیت رکھتی ہے، بلکہ لکھنؤ کی ثقافت، اتحاد اور اجتماعی جذبے کی علامت بھی ہے۔

یہتوپوری طرح سے واضح نہیں ہے کہ شیعہ برادری لکھنؤ میں کب آئی۔لیکن جب1775 میں اودھ کے نوابوں کی حکمرانی شروع ہوئی،نواب شیعہ مسلمان تھے اور انہوں نے لکھنؤ کو ایک اہم شیعہ مرکز میں بدل دیا۔ ان نوابوں کے تحفظ میں شیعہ روایات کو فروغ ملا۔ انہوں نے امام باڑے اور مسجدیں تعمیر کروائیں اور شیعہ تہواروں کو منانے کی حوصلہ افزائی کی۔ 19ویں صدی میں، عثمانی سلطنت نے کربلا کی زیارت پر پابندی لگا دی، جو شیعہ مسلمانوں کے لیے ایک مقدس مقام ہے۔ اس سے لکھنؤ ایک اہم متبادل مقام بن گیا۔

نواب آصف الدولہ (1775-1797) کے دور حکومت میں عزاداری اپنے عروج پر پہنچ گئیتھی۔ لکھنؤ کی عزاداری کیمرکزی کشش یہاں کے امام باڑے اور تعزیے  ہیں۔ امام باڑے، جو فن تعمیر کے شاندار نمونے ہیں، محرم کے دوران ان امام باڑوں میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔لکھنؤ کے کچھ مشہور امام باڑے ہیں:

 بڑا امام باڑا: یہ لکھنؤ کا سب سے بڑا اور مشہور امام باڑا ہے۔ اسے نواب آصف الدولہ نے بنوایا تھا۔

امام باڑا سادت:نواب سادت علی خان نے بنوایا تھا۔

امام باڑا حسین آباد: نواب غازی الدولہ نے بنوایا تھا۔

امام باڑا غوثلا:نواب محمد علی شاہ نے بنوایا تھا۔

 امام باڑا شاہ نجف۔نواب سادت علی خاں نے۔

 بڑا امام باڑا اور چھوٹا امام باڑا دونوں ہی اپنے وسیع اور خوبصورت فن تعمیر کے لیے مشہور ہیں۔

 لکھنؤ کے عزاخانوں کا ذکر  سلطنت منزل کےعزاخانہ کے بغیر ادھورا ہے۔ اس عزاخانے کے مرکزی ہال کے بڑے گول محراب کے نیچے شہنشین ہے۔  چاندی کے علموں کی قتارکے بیچ میں کندن کام سے بنا ایک عمدہ علم ہے اور سونے اور چاندی کے زری ورک کے کڑھائی دار پٹکےہیں۔ مجالس کے دوران کیوڑا گلاب چھڑکنے کے لیے چاندی کا گلاب پاش، چاندیکا  اگر بتی دان، چاندی کے ہی موم بتی اسٹینڈ اور خوبصورت نقاشی دار چاندی کی مشعلیں ہیں، جو گزرے نوابی دور کی شان و شوکت اور خوبصورتی کی عکاسی کرتی ہیں۔

لکھنؤ کی عزاداری کا نمایاں حصہ  ہیں تعزیے، جو امام حسین کے مزار کی نقل ہوتے ہیں، انہیں کاریگر بڑی محنت اور عقیدت سے بناتے ہیں۔ یہ تعزیے مختلف سائز اور رنگوں میں ہوتے ہیں اور انہیں سجانے میں کئی دن لگتے ہیں۔ محرم کے دسویں دن، جسے عاشورہ کہا جاتا ہے، ان تعزیوں کو جلوس کے ساتھ کربلا لے جایا جاتا ہے اور وہاں انہیں دفن کیا جاتا ہے۔ تعزیہ داری اور ان کی تدفین کا یہ طریقہ لکھنؤ سے ہی ایجاد ہوا۔ آج بھی یو پی کے باہر کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

لکھنؤ میں محرم کے دوران نکلنے والے جلوسوں کی بھی اپنی ایک الگ پہچان ہے۔ یہ جلوس مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے عقیدت مندوں کو امام حسین کی شہادت کی یاد دلاتے ہیں۔ کچھ اہم جلوسوں میں شاہی زری، جلوسِ مہندی، علم فتح فرات، علم عاشورہ، 72 تابوت، عماریاں اور چپ تعزیہ شامل ہیں۔

پہلی محرم کو آصفی امام باڑا سے شاہی زری کا جلوس نکالا جاتا ہے۔ خوبصورت موم کی بنی زری بڑے امام باڑے سے چھوٹے امام باڑے تک ہزاروں عقیدت مندوں کے ساتھ لے جائ جاتی ہے۔ یہ جلوس نہ صرف مذہبی اہمیت رکھتا ہے، بلکہ نوابی دور کی شان و شوکت اور ثقافتی ورثے کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک چھوٹی زری ہوتی ہے جس سے جڑا دلچسپ قصہ بیان کیا جاتا ہے کہ امام باڑے کی تعمیر کے وقت ایک عورت جسے دھنی مہری کہا جاتا ہے کی زمین امام باڑے سے رومی گیٹ کے درمیان کہیں تھی۔ جو اس نے اس  شرط پر دی کہ شاہی زری کے ساتھ اس کا تعزیہ بھی جلوس میں شامل ہوگا۔ بادشاہ کا کیا وعدہ قیامت تک وفا ہوتا رہے گا۔ یہ فراخ دلی اودھ کے نوابین کے علاوہ اور کہیں دیکھنے کو نہیں ملتی۔

جلوسِ مہندی سات محرم کو بڑے امام باڑے سے چھوٹے امام باڑے تک جاتا ہے، اس میں شاہی طریقے کے مطابق ہاتھی، اونٹ، پرچم وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ اور شہنائی پر ماتمی دھن بجائی جاتی ہے۔

 علم فتح فرات آٹھ محرم کو دریا والی مسجد سے امام باڑا غفران مآب جاتا ہے۔اس‌میں علم کے ساتھ مشعلیں بھی ہوتی ہیں۔

علمِ عاشورہ جو کہ ناظم صاحب کے امام باڑے سے  کربلا تالکٹورا جا کر مکمل ہوتا ہے۔ عزادار سینہ زنی، قمہ اور زنجیروں کا ماتم کر کے اپنے غم کا اظہار کرتے ہیں۔ عاشورہ کے دن جو کا تعزیہ ہندوؤں کی طرف سے اٹھایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سنی اور ہندوؤں کی سبیلیں نہ صرف لکھنؤ کی گنگا جمنی تہذیب بلکہ یہ بھی ثابت کرتی ہیں کہ ہر قوم کہہ رہی ہے ہمارے ہیں حسین۔

چپ تعزیہ کا جلوس محرم کا آخری جلوس ہوتا ہے جو  بجازے سے کاظمین تک جاتا ہے۔ اس تعزیے میں نوحہ یا سینہ زنی نہیں کی جاتی۔یہ اس کی خاصیت ہے، اس لیے اسے چپ تعزیہ کہا جاتا ہے۔ یہ جلوس اودھ کے نوابوں کے دور حکومت میں شروع ہوئے تھے اور آج تک قائم ہیں۔

لکھنؤ کی عزاداری کا ذکر ہو اور انیس اور دبیر کا نہ ہو یہ تو ناممکن ہے۔ لکھنؤ کی عزاداری کا ایک اہم پہلو ہے مرثیہ اور نوحہ خوانی۔ لکھنؤ میں کئی مشہور مرثیہ خوان ہوئے ہیں جنہوں نے اپنے جذباتی اور دلگداز مرثیوں سے لوگوں کے دلوں میں عزاداری کی روح کو مضبوط کیا ہے۔ ان میں لکھنؤ کے میر ببر علی انیس اور مرزا سلامت علی دبیر کو مرثیہ کی دنیا میں منفرد مقام حاصل ہے۔ انیس اور دبیر نے اپنے زندگی میں ایسے مرثیے لکھے جو آج بھی شیعہ برادری میں بہت مشہور ہیں۔ ان کے مرثیے نہ صرف ادبی لحاظ سے اعلیٰ ہیں بلکہ ان میں مذہبی اور ثقافتی جذبات کا بھی گہرا امتزاج ہے۔

لکھنؤ کی عزاداری میں نوحہ خوانی بھی  اہم کردار ادا کرتی ہے۔ خاص طور پر تاریخ وار نوحے جو پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ لکھنؤ میں کئی مشہور نوحہ خوان ہوئے ہیں جنہوں نے اپنے نوحوں سے لوگوں کے دلوں کو چھو لیا ہے۔ ان میں سید الکاظمی، سلطان الواعظین، جنہیں "لکھنؤ کا غم کا بادشاہ" بھی کہا جاتا ہے، کے علاوہ فاضل نقوی، ناصر لکھنوی، افضل مرزا، شاہد لکھنوی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

لکھنؤ کی عزاداری کو فروغنوابوں نے دیا ، لیکن لکھنؤ کی عزاداری ‌کواب تک قائم رکھنے میں جن لوگوں کا اہم کردار ہے ان میں سے کچھ نمایاں نام ہیں مولانا کلب عابد، مولانا  کلب صادق، مولانا کلب جواد، اور جناب حمید الحسن اور  سب سے اہمعوام کی اہل بیت سےانتہائی محبت قابل ذکر ہے۔جو کہ عزاداری کے لئے جان بھی دے سکتے ہیں' ۔

لکھنؤ کے امام باڑے، تعزیے، مرثیے اور نوحے، سب مل کر عزاداری کو ایک منفرد شکل دیتے ہیں۔ لکھنؤ کی عزاداری نہ صرف مذہبی اہمیت رکھتی ہے، بلکہ یہ لکھنؤ کے  ثقافتی ورثے کا بھی ایک اہم حصہ ہے، جسے سنبھال کر رکھنا ہمارا فرض ہے۔ عزاداری سکھاتی ہے کہ سچ اور انصاف کے لیے جدوجہد کرنا اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہمارا انسانی فرض ہے۔