اے ایم یو : شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کو اچیور ایوارڈ سے نوازا گیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-02-2025
اے ایم یو :  شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کو اچیور ایوارڈ سے نوازا گیا
اے ایم یو : شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کو اچیور ایوارڈ سے نوازا گیا

 

 علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ نے بینک آف بڑودہ کے اشتراک سے تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں عمدہ کارکردگی کے لیے طلبہ کو اعزاز دینے کی ایک تقریب کا اہتمام کیا۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے بینک آف بڑودہ کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) پہل کی تعریف کی۔ انہوں نے اے ایم یو کی پروقار وراثت پر زور دیتے ہوئے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ سماجی،ادارہ جاتی اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ مہمان خصوصی مسٹر کرشنا کمار، ڈپٹی ریجنل ہیڈ، بینک آف بڑودہ نے 1908 سے بینک کی پائیدار میراث اور اس کی سی ایس آر سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سماج میں اے ایم یو کی خدمات کی ستائش کی اور طلبہ کو ملک کی بامعنیٰ خدمت کے لیے خود کو تیار کرنے کی ترغیب دی۔ سی ایس آر سے بینک آف بڑودہ کی قوی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے علاقائی سربراہ اور اے جی ایم، بینک آف بڑودہ مسٹر دلیپ کے پرساد نے عالمی سطح پر بینک کی موجودگی پر روشنی ڈالی۔

انھوں نے بتایا کہ بینک آف بڑودہ کی 17 ممالک میں 8,500 شاخیں ہیں جو تقریباً 17 کروڑ صارفین کو خدمات فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور طلباء کے لیے ہنر فروغ جیسے اقدامات کے تئیں بینک کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2021 میں شروع کیا گیا اچیور ایوارڈ ملک کے سات سو سے زائد معیاری مینجمنٹ کالجوں کی کارکردگی کا اعتراف کرتا ہے، جس میں فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بھی ایک ہے۔ مہمان اعزازی پروفیسر رفیع الدین، ڈین، اسٹوڈنٹس ویلفیئر، اے ایم یو نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسابقت اور کارکردگی کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے طلبہ کی امنگوں کی تکمیل میں اساتذہ کے کردار کو اہم قرار دیا اور یونیورسٹی کی ترقی کا سہرا ان کی متحرک قیادت کو دیا۔

فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کی ڈین پروفیسر عائشہ فاروق نے بینک آف بڑودہ کے سی ایس آر اقدام کی ستائش کرتے ہوئے فیکلٹی کے طلبہ کو اچیور ایوارڈ دینے کے لئے بینک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تین الگ الگ زمروں اکیڈمک ایکسیلنس، کھیلوں میں عمدہ کارکردگی اور ہمہ جہت مجموعی کارکردگی میں مستحق امیدواروں کی شناخت کے لیے ایک کمیٹی کے ذریعہ انجام دئے جانے والے انتخابی عمل کے بارے میں بتایا اور فاتحین کو ان کی غیر معمولی حصولیابی پر مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں، اپنے خطبہ استقبالیہ میں بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید کامیابی کے لیے محنت کریں اور اپنی مادرِ علمی کا نام روشن کریں۔ انہوں نے بتایا کہ جن طلبہ کو تین زمروں کے تحت ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ان میں اکیڈمک ایکسیلنس میں محمد کاشف نسیم (ایم بی اے) اور مہل یادو (ایم بی اے آئی بی)، کھیلوں میں عمدہ کرکردگی کے لئے تشار شرما (ایم بی اے) اور مجموعی کارکردگی کے لئے اسجد علی خان (ایم بی اے) اور فردوس انصاری (ایم بی اے) شامل ہیں۔ تقریب کی نظامت ایم بی اے کی طالبہ سودا پروین نے کی جبکہ ماریہ عالم نے شکریہ ادا کیا