اے ایم یو :یونانی طب کی تحقیق کے ترجمے کا کام بھی کریں۔ ڈاکٹر رمن موہن سنگھ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2024
اے ایم یو :یونانی طب کی تحقیق کے ترجمے کا کام بھی کریں۔ ڈاکٹر رمن موہن سنگھ
اے ایم یو :یونانی طب کی تحقیق کے ترجمے کا کام بھی کریں۔ ڈاکٹر رمن موہن سنگھ

 

علی گڑھ: اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ علم الادویہ نے آیوروید، سِدھا اور یونانی ادویات کی معیار بندی اور فارماکوپیا کمیشن فار انڈین میڈیسن اینڈ ہومیوپیتھی(پی سی آئی ایم اینڈ ایچ) کے کردار پر ڈاکٹر رمن موہن سنگھ، ڈائرکٹر، فارماکوپیا کمیشن فار انڈین میڈیسن اینڈ ہومیوپیتھی کے لیکچر کا اہتمام کیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے روایتی ادویات کو معیاری بنانے اور ان کی عالمی قبولیت کو بڑھانے کے طریقوں پر گفتگو کی۔

انہوں نے کمیشن کے مقاصد، دستیابیوں اور مستقبل کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر سنگھ نے شعبہ کا دورہ بھی کیا اور اساتذہ سے گفت و شنید کی۔ انہوں نے شعبہ میں جاری تحقیق کی ستائش کی اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ یونانی طب میں تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے ترجمے کا کام بھی کریں۔ اپنے صدارتی کلمات میں، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل، جے این میڈیکل کالج پروفیسر وینا مہیشوری نے یونانی طب میں معیاری تحقیق کو فروغ دینے کے حوالہ سے اجمل خاں طبیہ کالج کی خدمات کو سراہا۔

قبل ازیں مہمان مقرر کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر شعبہ ڈاکٹر عبدالرؤف نے پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور محققین کے لیے لیکچر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر رمن موہن سنگھ نے جے این میڈیکل کالج کے شعبہ فارماکولوجی میں بھی لیکچر دیا، جس کی صدارت پروفیسر کے سی سنگھل، سابق چیئرمین، شعبہ فارماکولوجی نے کی جبکہ موجودہ چیئرمین، پروفیسر ایس زیڈ رحمان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر سنگھ کے ہمراہ پی سی آئی ایم اینڈ ایچ کا سینئر سائنسی عملہ بھی تھا جن میں ڈاکٹر جینتی اے، پی ایس او (فارماکوجنوسی)، ڈاکٹر وجے گپتا، پی ایس او (آیوروید)، ڈاکٹر نکھل ایم جیرن کلگیکار، ایس او (آیوروید) اور مسٹر افضل ہاشمی، ایس آر ایف (کیمسٹری) شامل تھے۔ ڈاکٹر سنگھ نے شعبہ کی نو تجربہ گاہوں، اینیمل ہاؤس، سیمینار لائبریری، ابن بیطار ادویہ میوزیم اور ہربل گارڈن کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے پروفیسر عبید اللہ خان، ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، پروفیسر بدرالدجیٰ خاں، پرنسپل، اجمل خاں طبیہ کالج اور ڈاکٹر عبدالرؤف، چیئرمین، شعبہ علم الادویہ کے ہمراہ اے ایم یو رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس سے ملاقات کی اور اے ایم یو اور پی سی آئی ایم اینڈ ایچ کے درمیان ایم او یو کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر نازش صدیقی نے شکریہ ادا کیا جبکہ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر سنبل رحمان نے کی