اے ایم یو: ریسرچ اسکالر صائمہ خاتون کی موت پر تعزیتی جلسہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 21-10-2024
اے ایم یو: ریسرچ اسکالر صائمہ خاتون کی موت پر تعزیتی جلسہ
اے ایم یو: ریسرچ اسکالر صائمہ خاتون کی موت پر تعزیتی جلسہ

 

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ انگریزی کی ریسرچ اسکالر ایم ایس ٹی صائمہ خاتون کے ناگہانی انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ گزشتہ 10 اکتوبر کو جے این میڈیکل کالج میں ان کا انتقال ہوا تھا۔انھیں انتقال سے چند روز پہلے ڈینگی ہوگیا تھا۔
ان کی بے وقت موت نے شعبہ میں رنج و غم کا ماحول پیدا کردیا۔ شعبہ میں منعقدہ ایک تعزیتی جلسہ میں تمام اراکین نے اپنی دلی تعزیت پیش کی اور ان کے سوگوار شوہر اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر شعبہ پروفیسر شاہینہ ترنم نے تعزیتی پیغام پڑھا۔
  ان کی سپروائزر ڈاکٹر ادیبہ فیاض نے کہا کہ صائمہ ریسرچ کے تیسرے سال میں تھیں۔ وہ پانچ سال سے اس شعبہ کا حصہ تھیں۔ وہ پہلے پروفیسر روبینہ اقبال کی نگرانی میں تھیں اور بعد میں 2023 میں ڈاکٹر ادیبہ فیاض کی نگرانی میں ان کی ریسرچ چل رہی تھی۔
 انھوں نے ٹی ایم کالج، بہار سے بی اے کرنے کے بعد سال 2019 میں اے ایم یو کے شعبہ انگریزی سے پوسٹ گریجویشن مکمل کیا۔ پروفیسر وبھا شرما نے کہا کہ صائمہ خاتون ایک بہت ہی محنتی ریسرچ اسکالر اور خوش مزاج شخصیت کی حامل تھیں۔
  ایک اسکالر کے طور پر صائمہ خاتون ترک نژاد برطانوی ناول نگار ایلف شفق کے ناولوں پرتحقیق کررہی تھیں۔ انھوں نے نومبر 2023 میں شعبہ کے زیر اہتمام پوسٹ ٹروتھ پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں اپنا پہلا مقالہ پیش کیا۔ان کی دلچسپی نوآبادیاتی تحریروں میں بھی تھی اور معروف جرائد میں اشاعت کے لیے انھوں نے تحقیقی مقالے جمع کئے تھے۔
   صائمہ نے انگریزی ادب میں چار دفعہ یوجی سی نیٹ کوالیفائی کیا، جو ان کی محنت و لگن کی غماز ہے