اے ایم یو: دینیات فیکلٹی کی میگزین ”دراسات دینیہ“ کے ڈین نمبر کااجراء

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-01-2025
 اے ایم یو: دینیات فیکلٹی کی میگزین ”دراسات دینیہ“ کے ڈین نمبر کااجراء
اے ایم یو: دینیات فیکلٹی کی میگزین ”دراسات دینیہ“ کے ڈین نمبر کااجراء

 

 علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی دینیات فیکلٹی کی سالانہ میگزین دراسات دینیہ کے خصوصی ڈین نمبر کا اجراء اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کے بدست عمل میں آیا۔

 وائس چانسلر نے میگزین کے ایڈیٹر اور دینیات فیکلٹی کے ڈین پروفیسرتوقیرعالم فلاحی، جوائنٹ ایڈیٹر ڈاکٹرمحمد سہیل، ڈاکٹرحبیب الرحمن اورتمام مقالہ نگاران کو مبارکباد پیش کی۔ یہ میگزین علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اوردینیات فیکلٹی کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے، جس میں دینیات فیکلٹی کے تمام ڈین کی خدمات وسوانح کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے اوران تمام مضامین کا خلاصہ بھی انگریزی میں کیا گیا ہے۔
   پروفیسرتوقیر عالم فلاحی نے کہا کہ دینیات فیکلٹی تقریبا سوسال سے علمی ودینی خدمات انجام دے رہی ہے مگر ابھی تک اس فیکلٹی کی کوئی مرتب تاریخ نہیں لکھی گئی تھی جس میں ان کے سربراہان کا تعارف پیش کیا گیا ہو، یہ ایک بہت اہم ضرورت تھی۔ اس ضرورت کی تکمیل کیلئے اس بار مجلس ادارت نے ڈین نمبر شائع کرنے کاارادہ کیا۔ اس میگزین میں شروع سے اب تک کے تمام ڈین پروقیع مقالے شامل کئے گئے ہیں۔
  رسم اجراء کے موقع پر میگزین کے مقالہ نگار ڈاکٹر مجتبیٰ صدیقی اور شعبہ دینیات سنّی وشیعہ کے اساتذہ ڈاکٹر ہادی رضا، ڈاکٹر محمد عاصم اورڈاکٹر محمدناصر موجود تھے۔