علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایکو کلب کی جانب سے ماحولیاتی بیداری کے ساتھ جسمانی سرگرمی کا پیغام دینے کے لئے منگل کی صبح ایک اختراعی ایکو فاکس رن کا اہتمام کیا گیا، جس میں 150 سے زیادہ شرکاء نے حصہ لیا۔
یہ اولین ایکو فاکس رن یونیورسٹی میں اسٹریچی ہال سے شروع ہوئی اور کلچرل ایجوکیشن سنٹر (سی ای سی) پر ختم ہوئی۔ راستے میں وکٹوریہ گیٹ اور مولانا آزاد لائبریری سمیت پانچ مقامات پر ماحولیاتی بیداری اسٹیشن قائم کئے گئے تھے، جہاں انوائرمینٹل سائنس اورشعبہ نباتیات کے طالب علم رضاکاروں نے ہر اسٹیشن پر حیاتیاتی تنوع، ویسٹ مینجمنٹ اور کاربن فُٹ پرنٹ کم کرنے کے بارے میں لوگوں کو معلومات فراہم کیں۔
اس پروگرام میں اساتذہ، طلبہ، ریسرچ اسکالرز، عملہ کے اراکین اور عام لوگ بھی شامل ہوئے۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز سی ای سی کے کوآرڈینیٹر پروفیسر محمد نوید خان کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے ماحولیاتی تعلیم اور بیداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایکو فاکس رن کے اقدام کو سراہا۔ اس کے بعد ماحولیات کے تحفظ کے سلسلہ میں ایک حلف لیا گیا۔
اے ایم یو رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس نے ایکو رن کا افتتاح کیا۔ وہ کلب کے صدر پروفیسر انور شہزاد اور اے ایم یو کے پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی کے ساتھ بینر اٹھاکر شرکاء کے ساتھ چلے۔
اس موقع پر پروفیسر نازیہ حسن، صدر یو ڈی ایل سی، پروفیسر بدر جہاں، صدر، فائن آرٹس کلب، ڈاکٹر دانش محمود، صدر، ہندوستانی میوزک کلب، پروفیسر کملانند جھا، صدر، ڈرامہ کلب، ڈاکٹر فضیلہ شاہنواز، صدر، فلم کلب، اور ڈاکٹر احمد مجتبیٰ، صدر، شارٹ ایوننگ کورسز وغیرہ موجود تھے۔
دوڑ کے بعد، شرکاء نے سی ای سی کے وزڈم ہال میں ماحولیاتی آگہی پر مبنی مذاکرے میں حصہ لیا۔ انٹر ایکٹیو سیشن میں پائیدار کیمپس اقدامات اور یونیورسٹی کی گرین کمیٹی کی افادیت پر زور دیا گیا۔ ایکو فاکس رن کے لیے ڈجیٹل رجسٹریشن سسٹم کو اپنایا گیا اور سنگل یوز پلاسٹک کو استعمال نہ کرنے کی پالیسی اپنائی گئی تاکہ شرکاء میں ماحولیاتی مسائل کے تئیں سنجیدگی پیدا کی جائے، کیمپس کی حیاتیاتی تنوع کی سمجھ میں اضافہ ہو اور ذاتی کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرنے پر توجہ دی جائے۔ اے ایم یو ایکو کلب کے سکریٹری احمد فہد اللہ نے شکریہ کے کلمات ادا کئے، جب کہ عندلیب انجم نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔