علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ہیریٹیج سیل نے سنٹر فار ایکسیلینس اِن اسلامک آرکیٹیکچر، شعبہ آرکیٹیکچر، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی اور معین الدین احمد آرٹ گیلری، اے ایم یو کے اشتراک سے ”ثقافتی ورثہ“ کے موضوع پر پانچ روزہ ہنر فروغ پروگرام کا اہتمام کیا ہے۔
پروگرام کے کنوینر پروفیسر محمد فرحان فاضلی نے بتایا کہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ سمیت 65 سے زائد شرکاء اس پروگرام میں شرکت کررہے ہیں اور پہلے دن انھوں نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے ریسورس پرسن ڈاکٹر ایم افتخار عالم کی رہنمائی میں شعبہ آرکیٹیکچر کے سامنے وال پینٹنگ سے اپنی ٹریننگ کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر افتخار عالم نے وال پینٹنگز کی باریکیوں کے سلسلہ میں قیمتی معلومات فراہم کیں۔
پروفیسر فاضلی نے بتایا کہ پانچ روزہ پروگرام میں وال پینٹنگ، اسلامی خطاطی، فوٹو گرافی اور اسکیچنگ پر گفتگو کی جائے گی اور یونیورسٹی کی ہیرٹیج عمارتوں بشمول بھیکم پور گیٹ، وکٹوریہ گیٹ، بایو کیمسٹری شعبہ، جامع مسجد، اسٹریچی ہال، کینیڈی کمپلیکس اور دیگر تاریخی عمارتوں پر ان تمام پہلووں سے کام کیا جائے گا۔
اس موقع پر ریسورس پرسن پروفیسر شرمین خان، پروفیسر ایم خالد حسن اور ڈاکٹر ایس ایم نعمان طارق بھی موجود تھے۔