علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سرسید ہال (نارتھ) میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے لندن ا سکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طالب علم مسٹر اے کے ایم گلزار حسین، یونٹ سربراہ - گورنمنٹ پارٹنرشپس، اقوام متحدہ ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے اقوام متحدہ کے اندر کریئر کے مواقع پر گفتگو کی، جس میں انھوں نے تنظیم کے ڈھانچے، افعال اور اس کے کاموں میں تنوع کا ذکر کیا۔
انہوں نے مختلف عہدوں کے لیے درکار اہلیت اور مہارت کے بارے میں تفصیل سے بتایا، اور بھرتی کے عمل پر روشنی ڈالی، ساتھ ہی امیدواروں کے لیے موزوں ایپلی کیشنز کی مدد سے اپنا پروفائل تیار کر کے بھیڑ سے الگ نظر آنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بیرون ملک تعلیمی پروگراموں پر بھی روشنی ڈالی جو بین الاقوامی طلباء کے لیے کھلے ہوئے ہیں اور اسکالرشپ کے مختلف مواقع دستیاب ہیں۔
قبل ازیں مہمان مقرر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہال کے پرووسٹ ڈاکٹر شمیم اختر نے کریئر اور اسکالر شپ کے مواقع کے سلسلہ میں طلباء میں بیداری پیدا کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شعبہ انگریزی کے ریسرچ اسکالر جمیل حسین نے پروگرام کی نظامت کی جبکہ ریموٹ سینسنگ شعبہ کے ڈاکٹر کعکباد علی نے شکریہ ادا کیا۔