اے ایم یو: مینجمنٹ کے طلبہ نے قومی کانفرنس میں قیادت کی باریکیاں سیکھیں

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-01-2025
اے ایم یو: مینجمنٹ کے طلبہ نے قومی کانفرنس میں قیادت کی باریکیاں سیکھیں
اے ایم یو: مینجمنٹ کے طلبہ نے قومی کانفرنس میں قیادت کی باریکیاں سیکھیں

 

 علی گڑھ،21 جنوری: مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال کے دور میں کارپوریٹ دنیا میں قائدانہ کردار کے لئے مینجمنٹ کے طلبہ کو تیار کرنے کی غرض سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے ”لیڈرشپ ریوائزڈ“ کے عنوان پر ایک روزہ قومی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ شرکاء اور ریسورس پرسنز کا خیرمقدم کرتے ہوئے شعبہ کی سربراہ اور آرگنائزنگ چیئرپرسن پروفیسر سلمیٰ احمد نے کہا کہ لیڈرشپ کو اتھارٹی یا تمغہ سے نہ جوڑ کر یہ سمجھنا چاہئے کہ یہ ذاتی انتخاب کا معاملہ ہے اور ایک کارپوریٹ ادارے کو نتیجہ خیز بنانے کی صلاحیت سے لیس کرنے کے لئے ضروری ہے کہ تعلیمی اہلیت اور قیادت میں امتیاز پیدا کیا جائے۔ پروفیسر پرویز طالب نے جوئل ہیورڈ کی کتاب ”دی لیڈرشپ آف محمدؐ“ سے مثالیں پیش کرتے ہوئے قیادت کے بارے میں بصیرت افروز باتیں کیں۔ آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر فضا تبسم اعظمی نے شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی سیشن کی نظامت ثانیہ خان نے کی۔

               بعد ازاں اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر سلمان حمید نے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے میں قیادت کا اہم کردار ہوتا ہے اور نوجوان محققین کے لئے ضروری ہے کہ خود کو اختراعی اور اثر انگیز شخصیت کی صفات کا حامل بنائیں۔ سائمن سینیک کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ”قیادت کا مطلب انچارج ہونا نہیں بلکہ اپنے ماتحتوں کا خیال رکھنا ہوتاہے۔  ڈاکٹر آصف علی سید، ڈاکٹر طارق عزیز، ڈاکٹر احمد فراز خان اور ڈاکٹر زرین حسین فاروق نے تکنیکی سیشن کے دوران پیش کردہ پرزینٹیشن کو جج کیا۔پہلا انعام جو دس ہزار روپے پر مشتمل تھا مشترکہ طور سے رشدہ کلیم (شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن، اے ایم یو) اور اقراء سلطان و ہدیٰ نذیر (جامعہ ہمدرد) کو دیا گیا، جبکہ پانچ ہزار روپئے پر مشتمل دوسرا انعام مشترکہ طور سے ڈاکٹر شانتنو کمار ساہو (ایچ آئی ایم سی ایس، متھرا) اور محمد اطہر انصاری (انٹیگرل یونیورسٹی، لکھنؤ) نے حاصل کیا۔ شیراز خان (شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن، اے ایم یو) اور کارتک ماندھین (کرائسٹ یونیورسٹی، این سی آر کیمپس) کو بیسٹ تھیم ایوارڈ سے نوازا گیا، جب کہ ججز ایوارڈ ڈاکٹر سبلو خان (ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی، اے ایم یو) اور کماری جاگرتی (کرائسٹ یونیورسٹی، این سی آر کیمپس) کو دیا گیا۔ ثانیہ خان، طوبیٰ بلگرامی، سمیت تومر اور رشدہ کلیم پروگرام کے کوآرڈینیٹر تھے۔