اے ایم یو : مِنی میراتھن“ کے انعقاد کے ساتھ یوم جمہوریہ تقریبات کا آغاز

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 20-01-2025
اے ایم یو : مِنی میراتھن“ کے انعقاد کے ساتھ یوم جمہوریہ تقریبات کا آغاز
اے ایم یو : مِنی میراتھن“ کے انعقاد کے ساتھ یوم جمہوریہ تقریبات کا آغاز

 

 علی گڑھ: اتوار کی سرد اور دھند میں لپٹی صبح کی اولین ساعتوں میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں 67 ویں یوم جمہوریہ تقریبات کی ابتدا یونیورسٹی کے ایتھلیٹکس گراؤنڈ پر ”یوم جمہوریہ مِنی میراتھن“ کے ساتھ ہوئی جس میں حب الوطنی اور اتحاد کے جذبہ کے ساتھ طلبہ اور طالبات کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے زیر اہتمام اس مِنی میراتھن کا انعقاد طلبہ اور طالبات کے لئے الگ الگ کیا گیا تھا۔ یوم جمہوریہ تقریبات کی تکمیل 26 جنوری کو اسٹریچی ہال پر منعقد ہونے والی مرکزی تقریب کے ساتھ ہوگی۔ 

     اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں میراتھن کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وائس چانسلر کے حوصلہ افزائی بھرے جملوں نے میراتھن کے شرکاء میں اتحاد، حب الوطنی اور فٹنس کا جذبہ مستحکم کیا۔ 
    اے ایم یو کے رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس اور فیکلٹی ممبر محترمہ پونم چوہان، مِنی میراتھن میں نوجوان شرکاء کے ساتھ خود بھی دوڑے جس نے  طلبہ کے حوصلوں کو بلند کیا اور انھوں نے سرد موسم کا مقابلہ کرتے ہوئے حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ اپنی دوڑ مکمل کی۔ 
    ایتھلیٹکس گراؤنڈ سے شروع ہونے والی مِنی میراتھن کے شرکاء تقریباً 6 کلومیٹر کی دوڑ میں ڈک پوائنٹ، سنٹینری گیٹ، شمشاد مارکیٹ، تصویر محل، اجمل خاں طبیہ کالج اسپتال، لال ڈگی سرکل، بابِ سید اور شعبہ تعلیم سے گزرتے ہوئے واپس ایتھلیٹکس گراؤنڈ پہنچے۔ طلبہ کے بعد طالبات نے چار کلومیٹر طویل دوڑ میں ڈک پوائنٹ، وائس چانسلر لاج، بابِ سید، یونیورسٹی سرکل، تار بنگلہ اور شعبہ تعلیم سے گزرتے ہوئے اپنی دوڑ واپس ایتھلیٹکس گراؤنڈ میں ختم کی۔ 
    اس مِنی میراتھن میں لڑکوں کے زمرہ میں قمر عابدین نے پہلا مقام حاصل کیا جب کہ حیدر عباس اور کرشنا سنگھ بالترتیب پہلے اور دوسرے مقام پر رہے۔ لڑکیوں میں پورنیما شرما نے پہلا مقام حاصل کیا جب کہ ونشیکا راج اور ساریکا شرما بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہیں۔ جیتنے والوں کو ان کی شاندار کارکردگی کے لیے سراہا گیا اور 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریب کے دوران انہیں انعامات سے نوازا جائے گا۔
    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے شرکاء کی پرجوش شرکت کی ستائش کی اور مِنی مراتھن کو نوجوانوں میں کمیونٹی سروس اور حب الوطنی کے جذبہ کو اجاگر کرنے کے اعتبار سے بے حد اہم قرار دیا۔ انھوں نے کہا ”یہ مِنی میراتھن محض ایک دوڑ نہیں، بلکہ اتحادو یکجہتی اور حرکت و توانائی کا ثبوت ہے جو ہماری قوم کا اہم سرمایہ ہے۔ آئیے، ہم67 ویں یوم جمہوریہ کا جشن مناتے ہوئے اس جذبے کو مزید مستحکم کریں“۔ انہوں نے کہا کہ تمام شرکاء کو شرکت کے سر ٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔
    گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر ایس امجد علی رضوی نے فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ تقریب کی نظامت جناب مظہر القمر نے کی، جس میں پروفیسر ایم وسیم علی، پروفیسر ذکی انور صدیقی، پروفیسر شکیل احمد، پروفیسر محمد شمیم اور پروفیسر جی ایس ہاشمی سمیت دیگر اساتذہ کی نمایاں شرکت رہی۔ گیمز کمیٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹرمسٹر انیس الرحمان خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارشد محمود اور ڈاکٹر جمیل احمد کے ساتھ ساتھ اے ایم یو اسکولوں کے اتھلیٹک کوچیز اور فزیکل ایجوکیشن کے اساتذہ نے تقریب کے کامیاب انعقاد میں تعاون کیا۔