اے ایم یو :سرجنوں نے کی منی پور میں دو بچوں کے دل کی کامیاب سرجری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 11-07-2024
اے ایم یو :سرجنوں نے کی  منی پور میں دو بچوں کے دل کی کامیاب سرجری
اے ایم یو :سرجنوں نے کی منی پور میں دو بچوں کے دل کی کامیاب سرجری

 

علی گڑھ:جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سرجن پروفیسر محمد اعظم حسین (چیئرمین، شعبہ کارڈیوتھوراسک سرجری)، ڈاکٹر ندیم رضا (شعبہ اینستھیسیا) اور ڈاکٹر صابر علی خاں (چیف پرفیوژنسٹ) کی ٹیم نے راشٹریہ بال سواستھ کاریہ کرم (آربی ایس کے) کے تحت ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (رِمس)، امپھال، منی پور میں دو بچوں کے دل کی سرجری کی۔ ان بچوں کے دل میں سوراخ تھا۔ اے ایم یو کے سرجنوں کی ٹیم نے نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت قلبی خدمات شروع کرنے کی خاطر ڈاکٹروں کی رہنمائی کے لیے رِمس، امپھال کا دورہ کیا تھا۔

 پروفیسر اعظم حسین نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب شمال مشرقی ریاستوں کے کسی سرکاری مرکز میں دل کی سرجری کی گئی ہے۔ ڈاکٹر ندیم رضا نے کہا کہ ایک نئے سنٹر میں اینستھیسیا دینا مشکل کام تھا کیونکہ دونوں بچے زیادہ بیمار تھے۔ ڈاکٹر صابر علی خان نے بتایا کہ دونوں بچوں کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور والدین ان کی پیش رفت سے مطمئن ہیں۔

 پروفیسر شاد عبقری (شعبہ امراض اطفال اور نوڈل آفیسر، انٹر ڈسپلنری پیڈیاٹرک کارڈیک سینٹر - آئی پی سی سی) نے بتایا کہ جے این ایم سی پچھلے 6 برسوں سے رمس،امپھال کی رہنمائی کر رہا ہے اور کارڈیک سنٹر قائم کرنے میں انھیں تعاون فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی سی سی کو سنٹر آف ایکسیلنس بنادیا گیا ہے۔

 پروفیسر تبسم شہاب، سابق کنوینر اور مشیر، آر بی ایس کے نے بتایا کہ آئی پی سی سی کا قیام قومی صحت مشن نے 2018 میں کیا تھا اور اس کے بعد سے اس نے 15000 سے زائد بچوں کی جانچ کی ہے اور جے این ایم سی میں تقریباً 1400 دل کی سرجری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے این ایم سی کے لیے یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے کہ نہ صرف اترپردیش بلکہ پورے شمالی ہندوستان سے دل کی بیماریوں کے علاج لیے لوگ یہاں بھیجے جا رہے ہیں۔

 پروفیسر کامران افضل، کنوینر، آر بی ایس کے نے کہا کہ جے این ایم سی میں کارڈیک ٹیم عمدہ کام کر رہی ہے اور مرکز میں ویٹنگ لسٹ میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ جے این ایم سی پر لوگوں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ 

پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل و سی ایم ایس، جے این ایم سی اور پروفیسر وسیم رضوی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے سرجنوں کی ٹیم کو اس حصولیابی پر مبارکباد پیش کی