اے ایم یو :وائس چانسلر کا لگاتار دوسرے دن اقامتی ہالوں کا معائنہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 20-07-2024
اے ایم یو :وائس چانسلر کا لگاتار دوسرے دن اقامتی ہالوں کا معائنہ
اے ایم یو :وائس چانسلر کا لگاتار دوسرے دن اقامتی ہالوں کا معائنہ

 

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کے اقامتی ہالوں کے معائنے کی کڑی میں دوسرے دن طالبات کے سروجنی نائیڈو ہال اور بی بی فاطمہ ہال کا دورہ کیا اور تزئین و مرمت کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
     وائس چانسلر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ہاسٹلوں کو خالی کرانے اور پھر موسم گرما کی تعطیلات کے دوران اقامتی ہالوں کی مرمت و تزئین کا فیصلہ کیا تھا، جس کی پیش رفت کا وہ از خود معائنہ کررہی ہیں تاکہ طلباء کی واپسی سے پہلے سارے کام مکمل ہوجائیں اور یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں طلباء و طالبات کے رہائش کے تجربہ کو بہتر بنایا جاسکے۔ 
    پروفیسر نعیمہ خاتون نے اپنے معائنہ کے دوران ہاسٹل کے کمروں، باتھ روم کی حالت، ڈائننگ ہال اور ریڈنگ روم کی صفائی، لان اور کھیلوں کی سہولیات کی کیفیت، چھتوں کی صفائی وغیرہ کی پیش رفت کو دیکھا۔ انھوں نے بی بی فاطمہ ہال کے عقب میں اور ایتھلیٹکس گراؤنڈ کے پاس پانی بھرنے کے مسئلہ کو حل کرنے کی ہدایت دی۔
    پروفیسر خاتون نے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور غیر تدریسی عملے کے ٹیم ورک اور محنت کو سراہا۔ پرووسٹس نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی ٹیمیں طلباء کے لیے خوش آئند اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے تئیں پرعزم ہیں۔
    وائس چانسلر نے سال بھر باقاعدگی کے ساتھ صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور طے شدہ لائحہ عمل کے ساتھ مسلسل دیکھ بھال کی ہدایت دی۔
    معائنہ کے دوران یونیورسٹی کے افسران بشمول رجسٹرار، ڈی ایس ڈبلیو، فنانس آفیسر، پراکٹر، ڈپٹی پراکٹر اور بلڈنگ، بجلی اور لینڈ اینڈ گارڈنز کے ممبر انچارج، یونیورسٹی انجینئر، یونیورسٹی ہیلتھ آفیسر اور دیگر حکام موجود تھے۔
    معائنہ کے بعد پروفیسر خاتون نے اس سلسلہ میں متعلقہ اہلکاروں کے ساتھ مشاورتی میٹنگ کی اور نئے تعلیمی سیشن کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔