علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی مولانا آزاد لائبریری اور ”علی سوسائٹی“ کے زیر اہتمام حضرت علیؓ ابن ابی طالب کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ دو روزہ کتب و مخطوطات کی نمائش بدھ کو اختتام کو پہنچی۔ اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے منگل کو نمائش کا افتتاح کیا اور اس کا معائنہ کیا۔ اس نمائش میں ہاتھ سے لکھے ہوئے نادر نسخے اور مختلف زبانوں میں تاریخی کتب، قرآن پاک کے مختلف نسخے اور نہج البلاغہ کا 900 سال قدیم نسخہ شامل تھے۔
یونیورسٹی کی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ اور اورینٹل سیکشن کے انچارج ڈاکٹر ٹی ایس اصغر نے وائس چانسلر کو نمائش میں رکھے گئے نادر مخطوطات کی تاریخی اہمیت سے واقف کرایا۔ پروفیسر نعیمہ خاتون نے نمائش میں شامل نوادرات کے ایک کیٹلاگ کا بھی اجراء کیا۔ نمائش میں کوفی رسم الخط میں چمڑے پرہاتھ سے لکھا قرآن پاک کا ایک حصہ، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ حضرت علیؓ کا تحریر کردہ ہے، مغل بادشاہ شاہ جہاں کی بیٹی جہاں آراء کے ہاتھ کی لکھی ہوئی قرآن پاک کی کچھ آیات، حضرت علیؓ کی مدح میں خط ناخن میں تحریر ”قصیدہ حافظ“، نہج البلاغہ کے مختلف قدیم نسخے اور شاہ جہاں کی اہلیہ ممتاز محل کے والد آصف خاں کا تحریر کردہ قصیدہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے افسران و اساتذہ بشمول اے ایم یو رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین، پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی، چیئرمین شعبہ شیعہ دینیات ڈاکٹر سید محمد اصغر، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ٹی این ستھیسن، ڈین، فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر توقیر عالم، ممبر انچارج دفتر رابطہ عامہ پروفیسر وبھا شرما، ویمنس کالج کے پرنسپل پروفیسر مسعود انور علوی،علی سوسائٹی کے صدر پروفیسر عابد علی خاں، پروفیسر علی نواز زیدی، پروفیسر عفت اصغر اور ڈاکٹر علی جعفر عابدی وغیرہ موجود تھے۔