جامعہ ملیہ اسلامیہ:بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سالگرہ پر زبردست خراج عقیدت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-10-2024
جامعہ ملیہ اسلامیہ:بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سالگرہ پر  زبردست خراج عقیدت
جامعہ ملیہ اسلامیہ:بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سالگرہ پر زبردست خراج عقیدت

 

 نئی دہلی :جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی ایک سو پچپنویں سالگرہ کی یاد میں سوکچھ بھارت دیوس دوہزار چوبیس آج اہتمام سے منایاگیا اس کے ساتھ ہی سوکچھ بھارت مشن جو کہ صفائی ستھرائی کی ایک بہت اہم مہم تھی اس کے آغاز کے دس سال بھی مکمل ہوئے۔یونیورسٹی نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ’سوکشتا ہی سیوا میلہ دوہزار چوبیس‘ کے تحت متعدد پروگرام منعقد کیے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے این ایس ایس کے رضا کار وں نے پروگرام آفیسر ڈاکٹر عابد حسین کی نگرانی میں وائس چانسلر دفتر کے احاطے سے ایک بیداری ریلی بھی نکالی جسے پروفیسر محمدشکیل قائم مقام شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ہری جھنڈی دکھائی۔ کیمپس اور آس پاس کے علاقوں کا راؤنڈ لگانے کے بعد ریلی یونیورسٹی کے سینٹینری گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کو شروع کرانے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قائم مقام مسجل جناب نسیم حیدربھی شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ تھے۔این ایس ایس رضا کاروں کے علاوہ اساتذہ،غیر تدریسی عملے نے بھی ریلی میں شرکت کی۔

ڈاکٹر ذاکر حسین لائبریری اور ڈین اسٹوڈینٹ ویلفیئر (ڈی ایس ڈبلیو) جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ’مہاتما گاندھی :حیات و خدمات‘ کے عنوان سے مشترکہ طورپر ایک لیکچر اور نمائش کا بھی انعقادکیا۔شیخ الجامعہ نے،مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ جناب نسیم حیدر،یونیورسٹی لائبریرین ڈاکٹر وکاس ایس ناگرالے،اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کی موجودگی میں نمائش کا افتتاح کیا۔

مختلف زبانوں میں مہاتما گاندھی کے ہاتھوں کے تحریر چند ذاتی خطوط،ان کی تصاویر، ان پر کتابیں اور ان کی کتابیں،ینگ انڈیا کی کاپی اور دوسرے اہم آرکائیول مواد بھی نمائش میں رکھے گئے تھے۔یہ نمائش عوام کے لیے ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

مہاتما گاندھی کی وراثت اور ان کی حیات کی یاد میں ایک خصوصی لیکچر کا بھی لائبریری میں انعقاد کیا گیا۔ شعبہ تاریخ و ثقافت،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر رویندر گوپی ناتھ نے یہ خطبہ ارشاد فرمایا۔

جامعہ کے مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے مہاتما گاندی اور ان کے تصور ہندوستان پر تقریریں کیں۔  پروگرام کے دورا ن یو نیورسٹی کی موسیقی ٹیم نے گاندھی جی کے محبوب اور پسندیدہ بھجن کی بھی نغمہ سرائی کی۔ ڈپٹی لائبریرین ڈاکٹر سفیان احمد کے اظہار تشکر کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

واضح رہے کہ یونیورسٹی میں سترہ ستمبر دوہزار چوبیس سے ’سوچھتا ہی سیوا‘ کا پکھواڑہ منایا جارہا تھا جو آج سوچھ بھارت دیوس کے طورپر اپنے اختتام کو پہنچاہے