جامعہ ملیہ : نئے وائس چانسلر کی نئی ٹیم کی تشکیل کا سلسلہ جاری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2024
جامعہ ملیہ : نئے وائس چانسلر کی نئی ٹیم کی تشکیل کا سلسلہ جاری
جامعہ ملیہ : نئے وائس چانسلر کی نئی ٹیم کی تشکیل کا سلسلہ جاری

 

              نئی دہلی:جامعہ ملیہ اسلامیہ  کے نئے وائس چانسلر مظہر آصف نے عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی اپنی ٹیم کی تشکیل کا کام شروع کیا ہے،انہوں نے ایک جانب یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹ کے اسٹاف سے ملاقات کی ہے وہیں صفائی ملازمین سے باغبانوں تک سب سے بات چیت کی ہے۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ  یونیورسٹی کے باغبانوں کے ساتھ ملاقات  وائس چانسلر کے چیمبر میں نہیں بلکہ یونیورسٹی کے لان میں ہوئی ۔جہاں وائس چانسلر بھی گھاس پر باغبانوں کے ساتھ بیٹھے نظر آئے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر مظہر آصف نے اپنی ٹیم کی تشکیل کی ہے ۔ انہوں نے اب  نے ڈاکٹر ستیہ پرکاش،اسسٹنٹ پروفیسر انگریزی، شعبہ اپلائیڈ سائنسز اینڈ ہیومنٹیز کو شیخ الجامعہ کا او ایس ڈی متعین کیا ہے۔ڈاکٹر پرکاش کئی زبانوں کے عمدہ مترجم،شاعر اور ناقد ہیں اس کے ساتھ ہی انھیں انگریزی کی ادبی تھیوری اور ہندوستانی ادبیات کو انگریزی میں پیش کرنے کا بھی تجربہ ہے۔انھوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی سے انگریزی میں ایم۔اے اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔

                 ڈاکٹر پرکاش وی سی ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے او ایس ڈی کے عہدے پر تقرری سے قبل جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینٹر فار ڈسٹینس اینڈ آن لائن ایجوکیشن میں چیف پبلک انفارمیشن آفیسر(سی پی آئی او) کے بطور کام کرچکے ہیں۔ اس ذمہ داری کے علاوہ اسسٹنٹ کنٹرول امتحانات کی حیثیت سے انھوں نے متعدد بار کارگزار کنٹرولر امتحانات کی ذمہ داریاں بھی سنبھالی ہیں۔

                وی سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے الیکٹریکل انجینرئنگ ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر شکیب احمد خان کو ایم۔ایم۔اے جوہر ہال فار بوائزریزیڈینس کا پرووسٹ متعین کیاہے۔اس کے علاوہ ایم ایم اے جے اکیڈمی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے پروفیسر ابوذر خیری کو ڈاکٹر ذاکر حسین بوائز ریزیڈینس کا پرووسٹ مقرر کیا ہے۔اس تقرری سے قبل پروفیسر شکیب احمد خان، چیف پبلک انفارمیشن آفیسر اور نوڈل آفیسر برائے حق اطلاعات کے مناصب پر کام کررہے تھے۔ ابوذر خیری ڈاکٹر ذاکر حسین ہال آف بوائز ریزیڈینس کے پرووسٹ مقرر کیے جانے سے قبل سینئروارڈین تھے۔

                ڈاکٹر ستیہ پرکاش،پروفیسر شکیب احمد خان اور پروفیسر ابوذر خیری نے نئی ذمہ داریاں تفویض کیے جانے پر پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اس سے قبل وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے پروفیسر (ڈاکٹر) سروج کمار مہانند کو یونیورسٹی کا قائم مقام کنٹرولر امتحانات اور ڈاکٹر احتشام الحق کو اعزازی ڈپٹی کنٹرولر امتحانات مقرر کیا ہے۔ مزید برآں، پروفیسر سروج کمار مہانند، کوآرڈینیٹر اور ڈاکٹر احتشام الحق، ڈپٹی کوآرڈینیٹر، پی ایچ ڈی کے داخلوں کے تعلیمی سال 2024-25 کے سیشن 2025-26 کے لیے داخلے کی تمام سرگرمیوں کی بھی نگرانی کریں گے۔

وائس چانسلر پروفیسر۔ مظہر آصف اور قائم مقام رجسٹرار پروفیسر۔ محمد مہتاب عالم رضوی نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی قیادت میں دفتر کنٹرولر امتحانات کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

پروفیسر مہانند جے ایم آئی کے شعبہ انگریزی میں کام کرتے ہیں اور ایک کثیر لسانی مصنف، مترجم اور نقاد ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبوں میں دلت مطالعہ، لوک مطالعہ، انگریزی میں ہندوستانی تحریر، اڑیہ ادب، ترجمہ اور جمالیات، 19ویں صدی کا انگریزی ادب، نوآبادیاتی ادب، پیٹرک وائٹ کے افسانے، اور قبائلی ادب شامل ہیں۔ انہوں نے دلت اسٹڈیز، لوک اسٹڈیز اور ہندوستانی ادب اور جمالیات پر وسیع پیمانے پر لیکچر دیا اور شائع کیا۔

ڈاکٹر احتشام الحق شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ، جامعہ ملیہ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ان کی تحقیق کا شعبہ پاور الیکٹرانکس ہے اور قابل تجدید توانائی، ڈرائیوز، مصنوعی روشنی کے لیے الیکٹرک کنٹرول سسٹم، بجلی کے معیار میں بہتری، سمارٹ گرڈ، وائرلیس پاور ٹرانسفر، الیکٹرک گاڑیاں، الیکٹرک کرشن، سمارٹ سٹیز وغیرہ میں اس کا اطلاق ہے۔جامعہ ملیہ سے پہلے، وہ دنیا کی مشہور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے پاور الیکٹرانکس آر اینڈ ڈی یونٹس میں کام کرتے تھے۔ وہ مختلف انتظامی عہدوں پر فائز رہے ہیں، خاص طور پر اگست 2015 سے اپریل 2020 تک یونیورسٹی میں امتحانات کے اعزازی اسسٹنٹ کنٹرولر کے طور پر۔

یاد رہے کہ پروفیسر مظہر آصف نے پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،اعزازی ڈائریکٹر،نیلسن منڈیلاسینٹر فار پیس اینڈ کنفلٹ ریزولیوشن جامعہ ملیہ اسلامیہ کو یونیورسٹی کا نیا قائم مقام رجسٹرار مقرر کیا تھا ۔آرڈر جاری ہونے کے فوراً بعد پروفیسر رضوی نے مفوضہ ذمے داری سنبھال لی تھی۔وہ محمد نسیم حیدر،ڈپٹی رجسٹرار۔ایک کی جگہ آئے ہیں جو گزشتہ چند ماہ سے جامعہ کے قائم مقام مسجل کی خدمات انجام دے رہے تھے۔وی سی ہ اور یونیورسٹی کے اسٹاف نے پروفیسر رضوی کو نئی ذمے داری کی مبارک دی اور یونیورسٹی کے قائم مقام مسجل کی مدت کار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اپنے خطاب کے دوران وی سی  نے کہاکہ ہم ایک ٹیم کے طورپر کام کریں گے اور جامعہ کو نئی اونچائیوں تک لے جائیں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس عظیم ادارے کے بانیان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرسکیں