نئی دہلی، 20 مارچ: ایرفرٹ، جرمنی کی یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز(UAS) کے طلبہ اور فیکلٹی پر مشتمل ایک وفد 17 مارچ سے 27 مارچ 2025 تک جامعہ ملیہ اسلامیہ(JMI) کے شعبہ سماجی خدمات کے دورے پر ہے۔ یہ دورہ جامعہ ملیہ اسلامیہ اورUAS کے مابین طے شدہ مفاہمتی یادداشت(MoU) کا حصہ ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس معاہدے کے تحت 2002 سے تعلیمی تبادلہ پروگرام جاری ہے۔اپنے 10 روزہ دورے کے دوران، جرمن وفد ایسے موضوعات پر علمی لیکچرز میں شرکت کرے گا جو حاشیے پر موجود طبقات، بشمول بچوں، بزرگوں، صحت کی سہولتوں تک رسائی، اور بھارت میں سماجی خدمات کی تعلیم و عملی تجربے کی منفرد حیثیت پر مرکوز ہوں گے۔ یہ لیکچرز سماجی پالیسیوں، طرز حکمرانی، اور ان چیلنجز کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بصیرت فراہم کریں گے۔یہ ٹیم شعبہ سماجی خدمات کے سیمینار ہال میں پہنچنے پر پرتپاک استقبال کا حصہ بنی، جہاں شعبہ کی سربراہ، پروفیسر نیلم سکھرامانی، فیکلٹی کوآرڈینیٹرز، ڈاکٹر آسیہ نسرین اور ڈاکٹر سنجے اونکار انگولے نے دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبہ کے ساتھ انہیں خوش آمدید کہا۔ تقریب میں دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان طویل ترین شراکت داری اور اس تعلیمی پلیٹ فارم کے تسلسل و وسعت کو یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا گیا۔
جرمن وفد نے اپنے بین الثقافتی تجربے کا آغاز جامعہ آرکائیوز کے دورے سے کیا، جہاں انہیں نایاب کتابوں، مخطوطات، اور تاریخی نوادرات سے متعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں، انہوں نے پریم چند گیلری کا دورہ کیا، جہاں انہیں منشی پریم چند کی ادبی خدمات اور جامعہ کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کی کوششوں سے روشناس کرایا گیا۔بعد ازاں، وفد نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے معزز وائس چانسلر، پروفیسر مظہر آصف سے ملاقات کی، جنہوں نے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں، پروفیسر آصف نے بھارت کی متنوع ثقافتی روایات اور جامعہ کے علمی ماحول پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا"بھارت کی ہمہ جہتی اور مرکب ثقافت کی دنیا میں چند ہی مثالیں ملتی ہیں۔انہوں نے بھارتی روایتی علمی نظام پر بھی بات کی اور مہمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے قیام کے دوران بھارت کے کثیرالثقافتی طرز زندگی کو کھانے، لباس، ثقافت اور زبان کے ذریعے قریب سے محسوس کریں۔ پروفیسر آصف نے اس تعلیمی پروگرام میں دیہی علاقوں کی شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ "بھارت کی روح دیہات میں بستی ہے۔"
انہوں نے جون میں جرمنی جانے والے جامعہ کے طلبہ کو بھی مبارکباد دی۔
اپنے شیڈول کے مطابق، ایرفرٹ کے طلبہ نے نہرو گیسٹ ہاؤس میں ایک سیشن میں شرکت کی، جہاں انہیں جامعہ کی تاریخ اور بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں اس کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس سیشن میں بتایا گیا کہ جامعہ کا قیام 1920 میں ایک قوم پرست تعلیمی تحریک کے طور پر مہاتما گاندھی اور مولانا ابوالکلام آزاد کی قیادت میں عمل میں آیا۔ مزید برآں، جامعہ کے 1988 میں مرکزی یونیورسٹی بننے، اس کے سماجی خدمت پر مبنی تعلیمی مشن اور جرمنی کے اسکالرز کی جامعہ کے قیام میں شمولیت پر گفتگو کی گئی، جن میں سب سے نمایاں نام گرڈا فلپس بورن(Gerda Philipsborne)، جو "آپا جان" کے نام سے معروف ہیں، شامل ہے۔
علمی سرگرمیوں کے علاوہ، جرمن وفد کو متعدد غیر سرکاری تنظیموں(NGOs) جیسے ہوپ چیریٹیبل ٹرسٹ، بلائنڈ ریلیف ایسوسی ایشن، ایکشن انڈیا، اور بٹر فلائز کے مطالعاتی دوروں کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ ان مطالعاتی دوروں کا مقصد انہیں سماجی شمولیت اور بااختیار بنانے کی زمینی حقیقتوں سے آشنا کرانا ہے۔ مزید برآں، جرمن طلبہ، جامعہ کے طلبہ کے گھروں میں قیام کریں گے، تاکہ انہیں بھارتی گھریلو زندگی اور ثقافت کا براہ راست تجربہ حاصل ہو سکے۔
وفد کو دیہی ترقی اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے راجستھان کی سینٹرل یونیورسٹی اور بیئر فُٹ کالج، تلونیا کے دورے بھی شیڈول کیے گئے ہیں، جہاں انہیں پائیدار دیہی ترقی کے جدید طریقوں سے متعارف کرایا جائے گا۔
اس تعلیمی تبادلے کے ساتھ ساتھ، مہمان وفد کو بھارت کی ثقافتی روایات سے روشناس کرانے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔
اس مقصد کے تحت افطار کے اہتمام کے علاوہ، تاریخی مقامات جیسے انڈیا گیٹ، نظام الدین درگاہ، دلی ہاٹ، اور جامع مسجد کے مطالعاتی دورے بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔