آسان اور مسنون نکاح مہم کے تحت تقریب نکاح

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-10-2021
آسان اور مسنون نکاح مہم کے تحت تقریب نکاح
آسان اور مسنون نکاح مہم کے تحت تقریب نکاح

 

 

آسان اور مسنون نکاح مہم کے تحت تقریب نکاح آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں جاری۔

آسان اور مسنون نکاح" مہم کے تحت الحمدلله ١٦/ربيع الاول ١٤٤٣ه‍ مطابق 23,اکتوبر 2021, صوبہ اتر پردیش میں عاشق ملت حضرت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی صاحب مدظلہ العالی رکن عاملہ مسلم پرسنل لا بورڈ و سرپرست اصلاح معاشرہ کمیٹی نے جامعہ رحمت گھگھرولی سہارنپور میں سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق نہایت سادگی کے ساتھ ایک نکاح پڑھایا۔

نکاح سے قبل حضرت والا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی تحریک اصلاح معاشرہ کے تحت تقریب نکاح میں موجود لوگوں کو اسی بات کی تلقین کی کہ اپنی شادی بیاہ کی تقاریب میں فضول خرچی سے بچیں اور اپنے اپنے علاقوں میں نکاح کو مسنون طریقہ پر سادہ اور آسان انداز میں کرنے کی کوشش کریں۔

اسی طرح حضرت والا نے خطبۂ نکاح کا مطلب و مفہوم واضح کرتے ہوئے فرمایاکہ ہمارے سماج میں جو فضول رسمیں داخل ہوگئی ہیں ان سے بچنا اور دوسروں کو بچانا ہم سب کا ایمانی فریضہ ہے اسی لئے ہمیں چاہئے کہ شرعی قوانین کے مطابق ہم نکاح کی تقریبات نہایت سادگی کے ساتھ منائیں اور دوسروں کو بھی اسکے لئے آمادہ کرتے رہیں۔

اس طرح کی نکاح کی مجلسوں کا دل کھول کر استقبال کریں،نیز انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے شائع کردہ اقرار نامہ کی روشنی میں جہیز کی لعنت سے سماج کو پاک کرنے اور آسان و مسنون نکاح کے انعقاد کےسلسلے میں حاضرین سے عہد بھی لیا۔

نکاح کی اس مبارک تقریب میں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی مہتمم جامعہ رحمت،حاجی عمران ، حاجی جمیل،حاجی لیاقت، عابد حسن،سلیم بھائ،غالب حسن،وغیرہ سمیت کافی تعداد میں متوسلین و واردین شریک رہے، مجلس کا اختتام حضرت مولانا محمد عبد اللہ مغیثی صاحب مدظلہ العالی کی رقت آمیز دعاء پر ہوا۔