مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی : دربھنگہ کیمپس میں نئی سہولیات کا افتتاح

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-03-2025
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی : دربھنگہ کیمپس میں نئی سہولیات کا افتتاح
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی : دربھنگہ کیمپس میں نئی سہولیات کا افتتاح

 

حیدرآباد، 24 مارچ (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے معزز وائس چانسلر پروفیسر سید عین ا لحسن نے اپنے دو روزہ   دورے  21-22 مارچ  2025 کے دوران دربھنگہ کیمپس میں نئے تعمیر شدہ گرلز اور بوائز ہاسٹل کا افتتاح کیا۔ اپنے دورے کے دوران، پروفیسر حسن نے انکیوبیشن سینٹر کم کمپیوٹر لیب اور کیمپس میں قائم مرکزی وائی فائی سہولت کا بھی افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کیمپس کے لیے فراہم کردہ ایک نئی بس کو بھی جھنڈی دکھائی، جس سے طلبہ اور عملے کے لیے نقل و حمل کی سہولیات میں بہتری آئی ہے۔

وائس چانسلر کے اعزاز میں طلباء، اساتذہ اور عملے کی جانب سے ایک استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز طلباء کی جانب سے تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد یونیورسٹی ترانہ پیش کیا گیا۔ پروفیسر سید عین ا لحسن کی گل پوشی پروفیسر فیض احمد، چیئرمین دربھنگہ کیمپس نے کی، جبکہ پروفیسر محمد شاہد، کوآرڈینیٹر دربھنگہ کیمپس کی گل پوشی پروفیسر مقسط خان، پرنسپل پولی ٹیکنک و پرووسٹ نے کی۔اپنے استقبالیہ خطاب میں پروفیسر فیض احمد نے معزز وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دربھنگہ کیمپس کے لیے بس سروس، وائی فائی سہولت اور انکیوبیشن سینٹر کم کمپیوٹر لیب جیسی اہم سہولیات فراہم کیں۔

انہوں نے حکومتِ ہند کی جانب سے پروفیسر حسن کو پدم شری سے نوازے جانے پر دربھنگہ کیمپس کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد بھی پیش کی۔طلباء نے وائس چانسلر کے اعزاز میں سپاس نامہ پیش کیا اور مزید بہتری کے لیے درخواستیں بھی کیں، جن میں آڈیٹوریم، ہیلتھ سینٹر، ایمبولینس سہولت، لائبریری کی بہتری وغیرہ شامل ہیں۔پروفیسر محمد شاہد، کوآرڈینیٹر دربھنگہ کیمپس نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی قیادت میں گزشتہ سال کے دوران دربھنگہ کیمپس میں کئی ترقیاتی خوابوں کو حقیقت کا روپ ملا۔ اپنے خطاب میں پروفیسر سید عین ا لحسن نے اعلان کیا کہ دربھنگہ کیمپس میں ایک کثیرالمقاصد آڈیٹوریم تعمیر کیا جائے گا، جو یونیورسٹی کے دربھنگہ کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرے گا۔شام کے وقت کیمپس میں ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد ثقافتی پروگرام اور مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں وائس چانسلر نے بھی اپنا کلام پیش کیا۔ دورے کے دوسرے دن کا آغاز پرنسپل اور شعبہ جات کے  ممبران کے ساتھ ملاقاتوں سے ہوا، جس کے بعد دربھنگہ کیمپس کے اساتذہ اور عملے کے اراکین کے ساتھ ایک تبادلہ خیال  کا اجلاس ہوا۔ وائس چانسلر نے پرووسٹ، ہاسٹل وارڈنز، پروکٹیریل ٹیم اور اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے اسسٹنٹ ڈین کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں تاکہ مختلف ترقیاتی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔