نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور نے کیا تیسرے ’سید احمد خاں اے ایم یو میموریل ایوارڈ‘کا اعلان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2024
نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور نے  کا  تیسرے ’سید احمد خاں اے ایم یو میموریل ایوارڈ‘کا اعلان
نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور نے کا تیسرے ’سید احمد خاں اے ایم یو میموریل ایوارڈ‘کا اعلان

 

 علی گڑھ،:ہندوستان میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تعلیمی تحریک کے بانی سر سید احمد خان کو اب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے یاد کیا جاتا ہے جو ملک کی کامیاب ترین یونیورسٹیز میں سے ایک ہے ۔ ہندوستان بلکہ دنیا کے کونے کونے میں اس تعلیمی چمن سے فارغ شخصیات اپنے جوہر دکھا رہی ہیں بلکہ سر سید احمد خان کی تحریک کو فروغ بھی دے رہی ہیں ۰ ایسی ہی ایک پہل کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور (این یو ایس) نے باوقار ”سید احمد خاں اے ایم یو میموریل ایوارڈ“ کا آغاز کیا تھا ۔ اس سال  این یو ایس کی طالبہ مس اننیا ماتھر کو دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ عظیم سماجی مصلح اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خاں کی یاد میں 2022 ء میں شروع کیا گیا تھا۔ 2022 اور 2023 میں بالترتیب ارچنا ڈی بالا اور کریمی زارا نایاب احمد کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

    اننیا ماتھر کوفلسفہ، سیاست اور اقتصادیات میں بیچلر آف آرٹس میں اعلیٰ ترین امتیازات کے ساتھ اول پوزیشن حاصل کرنے پر اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔
    قابل ذکر ہے کہ ’سید احمد خاں اے ایم یو میموریل ایوارڈ‘ اے ایم یو الومنئی ایسوسی ایشن، سنگاپور کی جانب سے نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور میں قائم کیا گیا، جس کا مقصد جنوبی ایشیا کی ثقافت اور اس سے متعلق موضوعات میں عمدہ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
    اے ایم یو الومنئی ایسوسی ایشن، سنگاپور کے بانی صدر اور جے این میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹر بابر نذیر نے کہا کہ سید احمد خاں اے ایم یو میموریل ایوارڈ شروع کرنے کا سہرا مسٹر جارج ابراہم کو جاتا ہے، جو سنگاپور میں پیدا ہونے والے اے ایم یو کے سابق طالب علم اور اے ایم یو الومنئی ایسوسی ایشن کے سرپرست ہیں۔ انھوں نے سر سید کے نام سے ایوارڈ شروع کرنے کا تصور پیش کیا۔ 
    ڈاکٹر نذیر نے یہ بھی بتایا کہ اے ایم یو الومنئی ایسوسی ایشن، سنگاپور نے حال ہی میں اے ایم یو کے 10 طلباء کے لیے ’سنگاپور سمر کیمپ 2024‘ کا انعقاد کیا اور طلباء نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کالج کے زیر اہتمام دو ہفتے کے ایشین انڈرگریجویٹ سمپوزیم میں شامل ہوئے۔ اس سمپوزیم کا مقصد ثقافتی تبادلے، نیٹ ورکنگ اور صلاحیت سازی کے لئے ایشیائی خطوں اور خاص طور سے آسیان خطہ کے انڈرگریجویٹس کو اکٹھا کرنا ہے۔
    مسٹر جارج ابراہم نے اے ایم یو کے 10 ہونہار انڈرگریجویٹ طلباء آکاش گپتا، عروج اے وانی، جینس جے ڈوئل، ہاجرہ باری، خضر اے خان، مریم حمیدہ، محمد صائم، ثانیہ عارف، شیزا جمشید اور سید اے عبداللہ کے سنگاپور سفر کو اسپانسر کرنے کے لئے نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ کیا۔ سمپوزیم میں طلباء نے ماہرین کے ساتھ کام کیا، پروجیکٹ تجاویز لکھنے کی تربیت حاصل کی اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اپنے منتخب کردہ موضوعات   پر مبنی پروجیکٹ تجاویز تیار کیں۔