پروفیسر محمد مبین، کلسٹر یونیورسٹی سری نگر کے وائس چانسلر مقرر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 11-07-2024
پروفیسر محمد مبین، کلسٹر یونیورسٹی سری نگر کے وائس چانسلر مقرر
پروفیسر محمد مبین، کلسٹر یونیورسٹی سری نگر کے وائس چانسلر مقرر

 

علی گڑھ، 9 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کے پروفیسر محمد مبین کو کلسٹر یونیورسٹی، سری نگر، جموں و کشمیر کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے چانسلر مسٹر منوج سنہا کے دفتر سے جاری حکم نامے کے مطابق پروفیسر مبین کی مدت کار تین سال ہوگی۔

رائل سوسائٹی آف کیمسٹری، لندن کے فیلو (ایف آر ایس سی) پروفیسر مبین، میٹیریئلز اور کوروزن کے میدان میں بین الاقوامی شہرت یافتہ محقق ہیں اور تقریباً چالیس برسوں سے تدریس و تحقیق میں مصروف ہیں۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے 1988 میں کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور 1988 میں ہی لیکچرار مقرر ہوئے۔ وہ 2005 میں پروفیسر بنے۔ 2001 میں پروفیسر مبین سمندری پانی کو نمک سے پاک کئے جانے کے تحقیقی ادارے، سیلین واٹر کنورژن کارپوریشن (ایس ڈبلیو سی سی)، الجبیل، سعودی عرب سے وابستہ ہوئے۔ انہوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی اور کیمبرج یونیورسٹی میں لیڈرشپ فار اکیڈمیشیئن پروگرام (لیپ) کی ٹریننگ مکمل کی۔

 پروفیسر مبین نے 17 پی ایچ ڈی، 2 ایم فل اور ایم ایس سی (ٹیک) کے 12 طلباء کی رہنمائی کی ہے۔ انھوں نے 182 تحقیقی مقالے تصنیف کیے ہیں اور اے سی ایس، ویلی، ایلزویئر، اسپرنگر، آر ایس سی اور ڈی گرائٹر سے شائع ہونے والی کتابوں میں 38 ابواب لکھے ہیں۔ انھوں نے 40 تحقیقی پروجیکٹ مکمل کیے ہیں، جن میں سے تین پروجیکٹ بین الاقوامی اداروں اے بی الوینیئس انڈسٹریز، سوئیڈن، ایبارا ریسرچ، جاپان اور ریزایت کیمیکل، سعودی عربیہ کے تھے۔

 انہوں نے ہندوستان اور بیرون ملک 39 کانفرنسوں اور ورکشاپ میں شرکت کی ہے۔ کوروزن سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں انہیں سال 2007 میں این اے سی ای انٹرنیشنل انڈیا سیکشن (این آئی آئی ایس) کوروزن بیداری ایوارڈ، این آئی جی آئی ایس میریٹورس کنٹری بیوشن ایوارڈ 2022 (اے ایم پی پی انڈیا چیپٹر) اور نیشنل کوروزن کونسل آف انڈیا میریٹورس ایوارڈ 2023سے نوازا گیا۔

 پوفیسر محمد مبین کو حال ہی میں اسکالر جی پی ایس نے اعلیٰ ترین رینک یافتہ اسکالر قرار دیا ہے، جن کی تحقیق حوالہ جات کے پہلو سے بہت مؤثر اور اعلیٰ معیار (ایچ انڈیکس) کی حامل ہے۔ اپنی اعلیٰ علمی خدمات کے باعث وہ دنیا بھر کے تمام اسکالرز میں سب سے ٹاپ کے 0.05 فیصد میں شامل ہوتے ہیں۔ دنیا بھر کے 0.05 فیصد ٹاپ اسکالرز میں ڈاکٹر مبین کی شمولیت، کوروزن اور میٹیریئل سائنس کے میدان میں ان کی غیر معمولی تحقیقی خدمات کا اعتراف ہے۔

انھیں سال 2019، 2020، 2021 اور 2022 کے لیے اسٹینفورڈ یونیورسٹی، امریکہ کی جانب سے عالمی سطح کے دو فیصد سائنسدانوں کی درجہ بندی میں بھی شامل کیا گیا۔

 پروفیسر محمد مبین نے حال ہی میں وزیٹنگ پروفیسر کے طور پر فیکلٹی آف کیمسٹری اینڈ کیمیکل ٹکنالوجی، الفارابی قزاخ نیشنل یونیورسٹی، المآتی، قزاخستان کا دورہ کیا اور سائنسی منصوبوں کا خاکہ تیار کرنے میں اپنا تعاون فراہم کیا۔ انھوں نے پوسٹ گریجویٹ اور ریسرچ طلباء کے لیے لیکچرز دئے اور ان کے مقالوں پر مشاورت فراہم کی۔ اساتذہ کے تعلیمی پروگراموں اور سائنسی مضامین کے ریویور کے طور پر بھی ان سے مشاورت کی گئی۔

 اس سے قبل وہ2014 میں شاہ سعود یونیورسٹی، ریاض، سعودی عرب میں وزٹنگ پروفیسر رہ چکے ہیں۔

  اے ایم یو میں پروفیسر مبین، شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کے چیئرمین (2009، 2015-2012 اور 2019-2021)، وائس چیئرمین، الومنئی افیئرز کمیٹی (2019 سے تاحال جاری)، بانی کوآرڈینیٹر، یونیورسٹی سوفسٹیکیٹڈ انسٹرمنٹ فیسیلٹی (2011 تا 2013)، پرووسٹ، آر ایم ہال (2006 تا 2009)، ڈپٹی پراکٹر (2006)، امتحانات سپرنٹنڈنٹ (2010-2011) اور ممبر انچارج، اے ایم یو پریس (2009-2010) سمیت متعدد انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

 وہ ایگزیکیٹو کونسل (2007-2009)، اکیڈمک کونسل (2007-2009، 2012-2015، 2019-2021)، اے ایم یو کورٹ (2007-2009، 2015) اور مختلف شعبوں کے بورڈ آف اسٹڈیز کے رکن رہ چکے ہیں۔

  پروفیسر مبین کو 2022 میں کشمیر یونیورسٹی سری نگر کے وائس چانسلر اور 2024 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے سرچ کمیٹی نے شارٹ لسٹ کیا تھا۔

 اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پروفیسر مبین کو کلسٹر یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کلسٹر یونیورسٹی سری نگر کو لگاتار دو وائس چانسلر دئے ہیں۔ پروفیسر مبین،پروفیسر قیوم حسین سے عہدے کا چارج حاصل کریں گے، جو کہ اے ایم یو میں ہی بایو کیمسٹری (فیکلٹی آف لائف سائنسز) کے پروفیسر ہیں