علی گڑھ: اسلامی اسکالر اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ دینیات کے استاد پروفیسر ایم سعود عالم قاسمی، سابق ڈین، فیکلٹی آف تھیالوجی کو جامعۃ الہدایہ، جے پور نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔
جامعۃ الہدایہ کے ناظم مولانا فضل الرحیم مجددی نے ایک ممتاز عالم دین کے طور پر پروفیسر قاسمی کی خدمات کو سراہا اور ان کی کتابوں کو علم کا خزانہ قرار دیا۔ انہوں نے نوجوان اسکالرز پر زور دیا کہ وہ پروفیسر قاسمی کی علمی میراث سے فیض حاصل کریں۔
اے ایم یو سے شائع ہونے والے ماہنامہ ”تہذیب الاخلاق“ کے مدیر پروفیسر سعود عالم قاسمی نے انگریزی، اردو اور عربی میں چالیس سے زائد کتابیں تصنیف کی ہیں اور چار سو سے زائد مضامین تحریر کئے ہیں۔ وہ ایک ممتاز خطیب بھی ہیں اور انھوں نے اے ایم یو میں کئی مؤقر عہدوں پر کام کیا ہے۔ وہ متعدد تعلیمی اداروں اور ادارتی بورڈوں سے وابستہ ہیں۔