فیکلٹی آف لاء میں خصوصی لیکچر کا اہتمام

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 22-10-2024
فیکلٹی آف لاء میں خصوصی لیکچر کا اہتمام
فیکلٹی آف لاء میں خصوصی لیکچر کا اہتمام

 

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لاء نے ’قومی تعلیمی پالیسی اور ہندوستان میں قانون کی تعلیم‘ موضوع پر سینٹر آف ایکسی لینس اِن پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ کمیونیکیشن، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، کاشی پور کے چیئرپرسن پروفیسر کے ایم بہار الاسلام کے لیکچر کا اہتمام کیا۔

پروفیسر اسلام نے ہندوستان میں قانون کی تعلیم کے سلسلہ میں این ای پی 2020 کے رہنما خطوط پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کورس کے نصاب میں عصری سماجی و ثقافتی سیاق و سباق کا عکس نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی تعلیم کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے، عمدہ بین الاقوامی پریکٹیسیز کو اپنانے اور انصاف تک وسیع تر رسائی اور فوری انصاف کے لیے نئی ٹکنالوجیز کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ لیکچر کی صدارت کرتے ہوئے سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے سابق وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے عدالتی فیصلوں تک رسائی میں ٹکنالوجی کے ذریعے آنے والی تبدیلی کے پس منظر میں قانون کی تعلیم کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کی۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں فیکلٹی آف لاء کے ڈین پروفیسر محمد ظفر محفوظ نعمانی نے قانون کی تعلیم کو نئے سرے سے ترتیب دینے اور جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے ذریعے قومی تعمیر نو کی ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر حشمت علی خان، انچارج، لاء سوسائٹی نے شکریہ ادا کیا، جبکہ ڈاکٹر محمد ناصر نے پروگرام کی نظامت کی۔ اس موقع پر شعبہ کے تمام اساتذہ موجود تھے