نیشنل یوتھ فیسٹول میں اردو یونیورسٹی کی ٹیم کی شاندار کامیابی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 11-03-2025
نیشنل یوتھ فیسٹول میں  اردو یونیورسٹی  کی ٹیم کی شاندار کامیابی
نیشنل یوتھ فیسٹول میں اردو یونیورسٹی کی ٹیم کی شاندار کامیابی

 

حیدرآباد۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی ٹیم نے اس بار آل انڈیا اسوسی ایشنس آف انڈین یونیورسٹیز کی جانب سے منعقد کیے جانے والے نیشنل یوتھ فیسٹول میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے  مائم میں دوسرا اور ایک ایکٹ ڈراما  میں تیسرا انعام حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس بار امیٹی یونیورسٹی، نوئیڈا میں 3 سے 7 مارچ کے درمیان منعقدہ اس پروگرام کے تحت مختلف زمروں میں  ملک کی کل 144 یونیورسٹیوں کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔    مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی ٹیم کو دسمبر کے آخری ہفتے میں  بنگلور کی کرائسٹ یونیورسٹی میں منعقدہ ساؤتھ ایسٹ زون یوتھ فیسٹول میں  مائم میں دوسرا اور ایک ایکٹ ڈراما  میں تیسرا انعام حاصل ہوا تھا جس کی بنا پر اسے  قومی سطح پر ہونے والے  اس مقابلے میں شرکت کاموقع ملا۔  اس موقعے پر شیخ الجامعہ پروفیسر سید عین الحسن نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلبہ  اس اعلیٰ کاکردگی کے لیے قابلِ مبارک باد ہیں۔ انھوں نے اس مقابلے کے لیے سخت محنت اور لگن سے کام کیا اور دیر رات تک ریہرسل کرتے رہے۔یونیورسٹی کلچرل کوآرڈنیٹر اور  ڈراما کلب  کے صدر معراج احمد نے ان کی تربیت میں کوئی کمی نہیں چھوڑی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈراما کلب کے مینٹر ڈاکٹر عدنان بسم اللہ نے بھی اس ضمن میں  اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔ثقافتی سرگرمی مرکز کے قیام کو ابھی صرف دو سال ہوئے ہیں ۔اس درمیان مانو کی ٹیم نے دو بار زونل سطح پر اور اس بار قومی سطح پر کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ ہمارے لیے فخر اور  اعزاز کی بات ہے۔    رجسٹرار  پروفیسر اشتیاق احمد نے ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے  ثقافتی سرگرمی مرکز سے وابستہ طلبہ و طالبات کو  تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ وہ اکادمک اور ثقافتی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ مجھے خوشی ہے کہ  اس قومی مقابلے میں طلبہ نے ہماری یونیورسٹی کا نام روشن کیا ہے۔ 
ڈین بہبودیِ طلبہ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی نے کہا کہ میرے لیے یہ خبر بے حد مسرت خیز ہے کہ قومی سطح پر ہونے والے طلبہ کے اس سب سے بڑے مقابلے میں  ہمارے طلبہ نے تاریخ  رقم کی ہے۔ میں مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلبہ کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں جن کی مشفقانہ اور دانش ورانہ  قیادت میں یونیورسٹی مسلسل ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہی ہے۔  یونیوسٹی کلچرل کوآر ڈنیٹر اور ڈراما کلب کے صدر جناب معراج احمد کو خاص طور سے مبارک باد دینا چاہتا ہوں جن کی شبانہ روز کی محنت آج بار آور ہوئی ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد اور دیگر ذمہ داران کا بے حد ممنون ہوں جن کا تعاون ہمیں ہمیشہ ملتا ہے۔
ممتاز تھیئٹر اور فلم  فنکار  اور نیشنل اسکول آف ڈراما ، دہلی کے الومنائی جناب شیام کشور نے بھی ٹیم کو مبارک باد دی ہے  اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ یوتھ فیسٹول میں شرکت کرنے والی ٹیم کی تربیتی ورکشاپ کے لیے انھیں حال ہی میں  مانو کیمپس بلایا گیا تھا۔س