نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ (JMI) اور امریکہ-ہند تعلیمی فاؤنڈیشن (USIEF) کے درمیان تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان ہوا ۔جامعہ ملیہ اسلامیہ نے امریکہ کی نمایاں جامعات کے پرووسٹ، بین الاقوامی افسران، تعلیمی منتظمین، اور سینئر عہدیداروں پر مشتمل USIEFکے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا۔ اس دورے کا مقصد تعلیمی تعاون کو فروغ دینا، تدریسی و انتظامی بہترین طریقوں کا تبادلہ کرنا، اور دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی شراکت داری کے مواقع تلاش کرنا تھا۔
جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور عالمی تعلیمی تعاون اور تعلیمی برتری کے لیے جامعہ کی وابستگی پر زور دیا۔ اس ملاقات کے دوران جامعہ کے سینئر عہدیداران، بشمول فیکلٹی کے ڈین، مراکز کے ڈائریکٹرز اور فلبرائٹ فیلوز، نے وفد کے ساتھ مفید تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے جدید تدریسی طریقوں، انتظامی ڈھانچے، اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلے کے فروغ کے لیے حکمتِ عملیوں پر قیمتی آراء کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے وفد کے تبادلہ خیالات کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے، جامعہ اور امریکی تعلیمی اداروں کے درمیان مستقبل میں مزید تعاون کی امید ظاہر کی۔
وفد نے جامعہ کی مرکزی سائنسی آلات کی سہولت (CIF) اور اے جے کے ماس کمیونیکیشن ریسرچ سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی اور جامعہ کی جدید سہولیات، تعلیمی ماحول، جدید ٹیکنالوجیز، اور سائنسی تحقیق کے نظام کو قریب سے دیکھا۔
یہ دورہ بھارت اور امریکہ کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تعلیم میں بہترین کارکردگی کے فروغ کے ساتھ ساتھ بین الثقافتی تعلیمی تجربات کو وسعت دینے کی سمت میں ایک اور اہم قدم ثابت ہوا ہے۔