ممبئی :پاکستانی اداکارہ سعدیہ خان کی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ساتھ ایک فوٹو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
یہ تصویر سعدیہ خان کی جانب سے انسٹاگرام سٹوی کے طور پر شیئر کی گئی تھی جو کہ 24 گھنٹے گذرنے کے بعد غائب ہو چکی ہے لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے سکرین شاٹس دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ یہ تصویر دبئی میں نیوایئر نائٹ کی لگتی ہے۔
تصویر میں سعدیہ خان نے سیاہ رنگ کے کپڑے پہنے ہیں جبکہ آریان خان نے نیلی جینز اور وائٹ جیکٹ زیب تن کی ہوئی ہے۔ اس سے قبل پاکستان اداکارہ کی سلمان خان کے ساتھ بھی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جو کہ آئفا ایوارڈ کی تقریب میں لی گئی تھی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق اسی پارٹی کی مزید تصاویر بھی انڈین سوشل میڈیا پر وائرل تھیں جس سے یہ پتا چلتا ہے کہ اس پارٹی میں کرن جوہر، شاہ رخ خان کی بیٹی سُہانہ اور نورا فتیحی بھی شامل تھے۔
خیال رہے 35 سالہ سعدیہ خان پاکستانی ڈرامے ’خدا اور محبت‘ سے مشہور ہوئیں تھیں اور ڈرامے میں انہوں نے ایمان کا کردار ادا کیا تھا۔ دوسری جانب آریان خان بھی انڈین فلمی دنیا میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ اپنی والدہ گوری خان کے پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ‘ کے بینر تلے بننے والی ایک ویب سیریز کے لیے بحیثیت لکھاری اور ہدایت کار کام کریں گے۔