بی جے پی ’جوان‘ فلم بنانے پر شاہ رخ خان کی شُکرگزار کیوں؟

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2023
بی جے پی ’جوان‘ فلم بنانے پر شاہ رخ خان کی شُکرگزار کیوں؟
بی جے پی ’جوان‘ فلم بنانے پر شاہ رخ خان کی شُکرگزار کیوں؟

 

نیو دہلی: بالی ووڈ میں فلم جوان نے ہلچل مچا دی، مگر سیاست کا بازار گرم ہوگیا، اب حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ’جوان‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم نے کانگرس کے دس سالہ ’کرپٹ اور پالیسی سے مفلوج‘ حکومت کو بے نقاب کیا۔بدھ کو بی جے پی کے ترجمان گورَو بھاٹیہ نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ’ہمیں جوان فلم کے ذریعے 2004 سے 2014 تک کانگرس کی کرپٹ اور پالیسی سے مفلوج حکمرانی کو بے نقاب کرنے پر شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کر نا چاہیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان نے اپنی فلم کے ذریعے لوگوں کو ’المناک سیاسی ماضی‘ یاد دلایا ہے۔
 گورو بھاٹیہ نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی ساڑھے 9 برس کے دورِ حکومت میں کوئی بھی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا اور ان کی حکومت کا ’کلین ریکارڈ‘ ہے۔
بی جے پی کے ترجمان نے ’جوان‘ کا ڈائیلاگ لکھا ’ہم جوان ہیں، اپنی جان ہزار بار داؤ پر لگا سکتے ہیں صرف دیش کے لیے، تمہارے جیسے دیش بیچنے والوں کے لیے ہرگز نہیں۔‘
انہوں نے اس ڈائیلاگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ گاندھی خاندان کے لیے بالکل درست ہے۔‘
شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ اب تک باکس آفس پر 350 کروڑ روپے کما چکی ہے۔
باکس آفس پر گہری نظر رکھنے والے فلم ناقد ترُن آدرش کے مطابق گذشتہ جمعے کو ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ بالی وڈ کی تاریخ میں سب سے جلدی باکس آفس پر 350 کروڑ روپے کمانے والی فلم بن گئی ہے۔