نئی دہلی :آواز دی وائس
ڈونلڈ ٹرمپ پھر امریکہ کے صدر منتخب ہوگئے ،ایک متنازعہ شخصیت کے مالک ٹرمپ کی شخصیت ہر دور میں موضوع بحث رہی ہے، طرز زندگی سے انداز بیان تک ،وہ سرخیوں میں رہے ہیں ،خود کو ایک ایسے کردار کے طور پر پیش کیا کہ کیا عام اور کیا خاص سب ان کی زندگی میں جھانکنے میں دلچسپی لیتے نظر آئے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ہالی ووڈ نے بھی ٹرمپ کو بھنانے کی کوشش کی اور ان کی زندگی کو فلمی پردے پر پیش کرکے تجوریاں بھرنے کی کوشش کی ۔ تیز طرار ٹرمپ کا اپنا انداز ہے ،جس نے انہیں دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنایا ہے ،78 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کی تاریخ کے معمر ترین منتخب صدر ہوں گے۔اس سے قبل امریکہ کی ساڑھے تین صدیوں پر مشتمل تاریخ میں کوئی بھی شخص ٹرمپ کی عمر میں صدر منتخب نہیں ہوا۔
ٹرمپ پر دنیا میں کچھ ایسی دستاویزی فلمیں بنی ہیں جنہوں نے ان کی زندگی کے مختلف پہلوں کو اجاگر کیا ہے ساتھ ہی زندگی اور ان کی سیاست کے اتار چڑھاؤ کی عکاسی کرتے ہیں۔ نظر ڈالتے ہیں ایسی ہی فلموں پر۔۔۔۔
’ٹرمپ: واٹس دی ڈیل1991
1991 میں بنائی جانے والی دستاویزی فلم ’ٹرمپ: واٹس دی ڈیل‘ میں ٹرمپ کی کاروباری زندگی کو دکھایا گیا ہے۔اس دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے ڈونلڈ جے ٹرمپ کاروبار کی دنیا میں قدم رکھتے ہیں اور 90 کی دہائی میں کیسے ریئل اسٹیٹ امپائر کھڑا کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔مزید برآں اس فلم میں نیویارک شہر کی ترقی اور اس میں تعمیر ہونے والے نئی عمارتوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔
’دی اپرینٹس 2024‘
دی اپرینٹس ایک سوانحی فلم ہے جو علی عباسی کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے۔
اس فلم میں تفصیل سے ٹرمپ کے ایک تاجر سے ریئل اسٹیٹ ٹائیکون بننے تک کے سفر کو دکھایا گیا ہے۔یہ فلم ٹرمپ کے عروج کے دور پر مرکوز ہے۔ فلم میں ٹرمپ کی ان دنوں کی کوششوں کو دکھایا گیا ہے جو وہ ایک کامیاب بزنس مین بننے کے لیے کرتے ہیں۔
’دی ایکسیڈینٹل پریزیڈنٹ 2020‘
جیمز فلچر کی ہدایت کاری میں بننے والی دستاویزی فلم ’دی ایکسیڈینٹل پریزیڈینٹ‘ میں ٹرمپ کی 2016 کے صدارتی انتخابات میں فتح کے اسباب و عوامل کو دکھایا گیا ہے۔
اس ڈاکیومنٹری میں آرکائیول فوٹیجز، انٹرویوز اور عوام کے بیانات کی بنیاد پر دکھایا گیا ہے کہ ٹرمپ نے کس طرح مؤثر طریقے سے امریکی عوام سے جڑنے میں کامیابی حاصل کی۔
اس فلم میں ہیلری کلنٹن کی مہم کی انتخابی مہم کی غلطیوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
اس دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کون سے عوامل کس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کی غیرمتوقع جیت کا باعث بنے۔
’ٹرمپ: دی امریکن ڈریم‘
یہ چار حصوں پر مشتمل دستاویزی فلم سیریز ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی کا احوال پیش کرتی ہے۔اس فلم میں بھی ان کے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں ابتدائی دنوں سے لے کر صدر بننے تک کے سفر کو دکھایا گیا ہے۔اس سیریز میں آرکائیول فوٹیجز اور ٹرمپ کی قریبی شخصیات کے انٹرویوز شامل کیے گئے ہیں۔