ڈاکٹر فیاض احمد فیضی
حال ہی میں حکومت نے محمد رفیع کے گلوکاری کے بےتاج بادشاہ کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر 100 روپے کا یادگار سکّہ جاری کرنے کا اعلان کیا ۔ یہ اعلان موسیقی اور فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ مقامی پسماندہ سماج کے لیے ایک فخر اور جذبات سے بھرپور لمحہ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی رفیع صاحب کو ان کی 100 ویں سالگرہ پر "موسیقی کے لاجواب جادوگر" کہہ کر خراج تحسین پیش کیا تھا ۔ وزیراعظم نے ایک یونانی بچی اور اس کے خاندان کی جانب سے رفیع صاحب کے گیت "مدھوبن میں رادیکا ناچے رے" کا ویڈیو شیئر کر کے پورے ہندوستان کو جھومنے پر مجبور کر دیا تھا۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ ملک کے پہلے وزیراعظم جواہرلال نہرو نے رفیع صاحب کو اپنے گھر بلا کر ان سے "سنو سنو اے دنیا والوں، باپو کی امر کہانی" گوانے کی درخواست کی تھی ۔ ایک موقع پرجب نہرو صاحب بھی موجود تھے، رفیع صاحب نے "چاہوں گا میں تجھے سانجھ سویرے" گایا، جس پر نہرو صاحب کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے۔پدم شری رفیع کی نائی کی دکان سے ممبئی تک کی منفرد سفرایک متاثر کن داستان ہے۔ محمد رفیع کا جنم 24 دسمبر 1924 کو پنجاب کے امرتسر ضلع کے گاؤں کوٹلا سلطانہ سنگھ میں ہوا تھا، اور انہیں گھر میں پیار سے "فِکّو" کہا جاتا تھا۔
رفیع صاحب کی گلوکاری کا آغاز ایک فقیر کی متاثر کن آواز سے ہوا تھا،جسے وہ بچپن میں روز سنتے تھے۔ 7 یا 9 سال کی عمر میں رفیع کا خاندان لاہور منتقل ہو گیا۔ وہاں ان کے والد نے انہیں اپنے بڑے بھائی کے ساتھ نائی کی دکان میں کام کرنے کے لیے لگا دیا، جہاں وہ دکان پر بال کاٹتے ہوئے گیت گاتے تھے،مگر تقدیر نے کچھ اور ہی منظور کیا تھا۔ ایک دن پندت جیون لال نے رفیع صاحب کی آواز سنی اور انہیں پنجابی موسیقی کی تربیت دی۔ جس سے ان کے گانے میں نکھار آیا۔ رفیع نے 13 سال کی عمر میں لاہور میں پہلی بار عوامی سطح پر مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر گلوکار ایل سہگل بھی موجود تھے جنہوں نے رفیع صاحب کی آواز کو سن کر پیشگوئی کی کہ یہ لڑکا ایک دن بڑا گلوکار بنے گا۔
رفیع صاحب نے اپنی گلوکاری کی سفر میں رومانوی گیت، بھجن، قوالی، مزاحیہ گیت، غزلیں، شاستری تخلیقات، وطن پرستانہ گیت اور نشے میں ڈوبے ہوئے نایک کے گیتوں سمیت ہر انداز میں بے مثال فن اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تقریباً 13 ہندوستانی زبانوں اور سات غیر ملکی زبانوں میں گاتے تھے،جن میں انگریزی بھی شامل ہے۔رفیع کا گایا ہوا گیت "من تڑپت ہری درشن کو آج‘‘ ایک زندہ تخلیق سمجھا جاتا ہے، جس میں شاعر شکیل بدایونی اور موسیقار نوشاد بھی پسماندہ سماج سے تعلق رکھتے تھے۔
رفیع صاحب اپنے پرہپکاری کاموں اور مہربان شخصیت کے لیے بھی مشہور تھے۔ وہ ہمیشہ دوسروں کی مدد کرتے تھے، جیسے کہ انہوں نے اپنی پڑوسی بیوہ خاتون کو منی آرڈر کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی تھی۔ تاہم انہیں اپنی زندگی میں کئی بار اوپر نیچے کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ایک بار پاکستان میں ایک معروف گلوکار نے رفیع صاحب کا توہین کیا، مگر انہوں نے اسے نظرانداز کر دیا ،بعد میں پاکستان کا دورہ نہ کیا۔ اسی طرح اندور میں پرانی پلاسیہ مسجد کی تعمیر کے لیے دیے گئے 5000 روپے کے عطیے کو مسجد انتظامیہ نے واپس کر دیا تھا کیونکہ انہیں رفیع صاحب کی آمدنی "ناپاک" سمجھی جاتی تھی۔ رفیع صاحب نے اس پر کہا تھا"اگر میری آمدنی ناپاک ہے، تو اللہ ہی جانتا ہے کہ کس کی آمدنی جائز ہے اور کس کی ناجائز
یاد رہے کہ 31 جولائی 1980 کو محمد رفیع کا انتقال ہو گیا، جس کا نقصان دنیا بھر کے موسیقی کے شائقین کے لیے ناقابلِ تلافی تھا۔ ان کے آخری دیدار اور جنازے میں بے پناہ لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی تھی۔ملک نے ان کے انتقال پر دو دن کا قومی سوگ منایا تھا۔
رفیع صاحب کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے لیے 100 روپے کا یادگار سکّہ جاری کرنا ان کی 100 ویں سالگرہ پر ایک سچی خراج تحسین ہوگی۔
(مصنف پیشے سے معالج اور پسماندہ امور کے ماہر ہیں)