ممبئی/ آواز دی وائس
شاہ رخ خان نے حال ہی میں ممبئی کے ایک اسپتال میں اپنی آنکھوں کا علاج کرایا ہے۔ تاہم یہ علاج اس طرح نہیں ہو سکا جس طرح اداکار چاہتے تھے۔ایسے میں اب شاہ رخ آنکھوں کے علاج کے لیے امریکہ جائیں گے۔ اداکار کے قریبی ذرائع کی مانیں تو شاہ رخ 30 جولائی کو علاج کے لیے امریکہ روانہ ہوں گے۔
ایک رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ رخ دونوں آنکھوں میں موتیا کے مسئلے میں مبتلا ہیں۔ تاہم اب تک اس معاملے میں اداکار یا ان کی ٹیم کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
اداکار کی دونوں آنکھوں میں موتیا!
ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ دونوں آنکھوں میں موتیا کا شکار ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اداکار نے 12 جولائی کو اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ممبئی کے ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال اور ریسرچ سینٹر میں اپنی آنکھوں کا علاج کروایا تھا۔
یہ بھی چرچا ہے کہ شاہ رخ اگلے ماہ 7 اور 8 اگست کو سوئٹزرلینڈ جا رہے ہیں۔ تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ وہ کام یا ذاتی وجوہات کی بنا پر وہاں جائیں گے۔
اس سے قبل شاہ رخ حال ہی میں والدہ کے انتقال کے بعد اپنی دوست ڈائریکٹر فرح سے ملنے گئے تھے۔ اس موقع پر شاہ رخ کی اہلیہ گوری خان اور بیٹی سہانا بھی موجود تھیں۔
ورک فرنٹ پر شاہ رخ کی آخری فلم 'ڈنکی' گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز ہوئی تھی۔ ان دنوں اداکار اپنے بچوں سہانا اور آریان کے ڈیبیو پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔ شاہ رخ اور سہانا فلم 'کنگ' میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔