ہندوستان میں پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی ریلیز روک دی گئی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-10-2024
ہندوستان میں پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی  ریلیز  روک دی گئی
ہندوستان میں پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی ریلیز روک دی گئی

 

نئی دہلی : پاکستانی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو ہندوستان  میں ریلیز ہونے سے روک دیا گیا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق  فلم ہندوستانی  پنجاب میں ریلیز ہونے والی تھی، اگر ایسا ہوتا تو ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں ہندوستانی سنیما میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم بن جاتی۔18 ستمبر کو فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے اعلان کیا تھا کہ یہ فلم زی اسٹوڈیوز کی جانب سے ہندوستانی ریاست پنجاب میں ریلیز کی جائے گی۔ہندوستانی  پنجاب میں فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کے اعلان کے ساتھ ہی بعض تنظیموں کی جانب سے فلم کی مخالفت کی جارہی تھی، ان گروہ کی جانب سے خبردرا کیا گیا تھا کہ اگر فلم ملک میں دکھائی گئی تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔

ایم این ایس سنیما ونگ کی صدر امیہ کھوپکر نے غیر ملکی فنکاروں پر  ہندوستانی  ٹیلنٹ کو ترجیح دینے  پر کہا کہ  ہمارے فوجی سرحدوں پر  شہید ہورہے  ہیں اور ہمارے شہروں پر حملے ہو رہے ہیں، ہمیں یہاں پاکستانی اداکاروں کی ضرورت کیوں ہے؟ کیا ہمارے پاس کافی ٹیلنٹ نہیں ہے؟انہوں نے  ہندوستان میں سینما مالکان کوخبر دار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فلم کی نمائش پر نظر ثانی کریں۔اگرچہ آرٹ اور سیاست الگ ہیں لیکن پارٹی بھارتی فوجیوں کی قیمت پر پاکستانی فلموں کی نمائش کے خیال کی حمایت نہیں کرتی۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا پاکستان سے ہندوستان  تک کا سفر طویل ہے ۔ فلم پاکستان میں 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز ہوئی اور جلد ہی اگست 2023 تک دنیا بھر میں 400 کروڑ روپے سے زائد کلکشن کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’مولا جٹ‘ کا سیکوئل یا ری میک تو نہیں ہے، بلکہ اس فلم کے کرداروں پر مبنی ایک نئی کہانی کو تخلیق کیا گیا ہے، جس کو فلم کی زبان میں ری بوٹ کہا جاتا ہے۔گزشتہ برس ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو ’ یورپی ملک ناروے میں ہونے والے سالانہ ’بولی وڈ فلم فیسٹیول‘ میں بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔فلم کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، گوہر رشید و دیگر اداکار شامل ہیں۔