ممبئی/ آواز دی وائس
سلمان خان اپنی آنے والی فلم 'سکندر' کے ساتھ عید پر اپنے مداحوں کو عیدی دیں گے۔ اتوار کے روز سلمان خان نے اپنے فینز کے ساتھ فلم کا ٹریلر جاری کیا۔ سلمان خان کے اس ٹریلر کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ اب مداح بے صبری سے 30 مارچ کا انتظار کر رہے ہیں، جب فلم سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
سلمان خان اور رشمیکا مندانا 'سکندر' کے ٹریلر لانچ ایونٹ میں شریک ہوئے، جہاں ان سے بالی وُڈ سپر اسٹارز کے کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں سوال کیا گیا۔
بالی وُڈ کے بھائی جان کہلانے والے اداکار نے میڈیا کو بہت ہی عملی جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے اور ہیروئن کے درمیان 31 سال کا فرق ہے۔ ہیروئن کو اس سے کوئی مسئلہ نہیں، ہیروئن کے والد کو کوئی مسئلہ نہیں، تو آپ لوگوں کو کیا مسئلہ ہے؟‘‘ سلمان جب یہ جواب دے رہے تھے، تب رشمیکا کے چہرے پر ہنسی رکنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ جب یہ (رشمیکا) شادی کر لے گی، بچے ہو جائیں گے، بڑی اسٹار بن جائے گی تو تب بھی ان کے ساتھ کام کریں گے۔ ممی کی اجازت تو مل ہی جائے گی۔
سلمان خان نے اس دوران فلم کی اداکارہ کی بھرپور تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ رشمیکا جس محنت اور لگن سے کام کر رہی ہیں، وہ قابلِ تعریف ہے۔ سلمان نے بتایا کہ انہیں 'پشپا 2' اور 'سکندر' کی شوٹنگ کے دوران پاؤں میں چوٹ لگی تھی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے شوٹنگ جاری رکھی۔
سلمان کی فلم 'سکندر' کے ٹریلر میں ایک شاندار نظارہ دکھایا گیا ہے جو ناظرین کو اپنی نشستوں سے باندھے رکھے گا۔ ٹریلر میں سلمان مرکزی کردار میں نظر آ رہے ہیں، جو ایک مشن پر ہیں۔ 'سکندر' میں ان کا کردار زبردست نظر آ رہا ہے۔
یہ فلم پروڈیوسر کے لیے ایک اور بڑی کامیابی ثابت ہونے والی ہے، جن کے پاس ایسی فلمیں بنانے کا ثابت شدہ ٹریک ریکارڈ ہے، جو نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ ملک بھر کے ناظرین کے دلوں میں جگہ بھی بنا لیتی ہیں۔