رمضان المبارک اور صحت مند خوراک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 25-03-2023
رمضان المبارک اور صحت مند خوراک
رمضان المبارک اور صحت مند خوراک

 

فاطمہ خانانی 

رمضان میں کھانا بہت اہم ہے مگر بلاشبہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ جذباتی ہوجائیں اور سحری اور افطاری میں جنک فوڈ یا بے جا کھانا شروع کردیں۔۔ رمضان کا مقدس مہینہ روحانی اور اخلاقی فوائد کے ساتھ ساتھ جسمانی فوائد بھی اپنے ہمراہ لاتا ہے، لیکن صرف اس صورت میں جب چیزوں کو صحیح طریقے سے اپنایا جائے۔ روزہ رکھنے کے ساتھ ساتھ صحتمند کھانے کی اشیاء کا انتخاب کرنابھی انتہائی ضروری ہے کیونکہ دونوں آپ کےمیٹابولزم کوبحال کریں گے،آپ کا وزن کم کرنے اور مدافعتی نظام کوفروغ دینےمیں بھی مددفراہم کرتے ہیں۔

رمضان کا پورا مہینہ  صرف اور صرف پکوڑوں اور سموسوں کا نہیں ہے جیسا کہ ہم سب کو انہیں کھانا بہت پسند  ہوتا ہے۔ مگر یہ صحت مند انتخاب نہیں ہیں۔ تاہم، اس کا یہ بھی مطلب ہر گز نہیں کہ آپ اپنے پسندیدہ کھانے کو مکمل طور پر  نظر انداز کر دیں۔ خود کو کبھی کبھار یہ چیزیں کھانے کی اجازت دے دیں، تو یہ اتنا نقصان دہ نہیں ہوتا بلکہ رمضان میں کھانے والی اپنی پسندیدہ چیزوں کوایک غذائیت بخش پلان کے ساتھ شامل کرلیں تو زیادہ بہتر ہے۔

awazurdu

خود کو سیراب رکھیں۔

 اس گرم موسم میں روزے کے دوران ہائیڈریٹ یعنی سیراب رہنا ضروری ہے کیوں کہ پانی کی کمی روزے کا سب سےمشکل حصہ ہے، خاص طور پر ان جھلسا دینےوالی گرمیوں کے موسم میں۔ سحری میں ڈھیر سارا پانی پی لینا بھی صحت مند فیصلہ نہیں ہے، لہٰذا سب سے بہتر کام جو آپ کرسکتےہیں وہ یہ ہے کہ افطاری سے سحری تک وقفے وقفے سے پانی پئیں اور خود کو سیراب رکھیں۔

چینی سے ہر قیمت پر اجتناب کریں

ہم یہ سوچتے ہیں کہ میٹھے کے بغیر رمضان مکمل نہیں ہوتا اور افطار میں کچھ نہ کچھ تو میٹھا ضرور ہونا چاہیے، یہ سوچے سمجھے بغیر کہ ہمارے لیے یہ کتنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ میٹھی چیزیں کھانا آپ کےمیٹابولزم  کو خراب کرتی ہیں کیونکہ اس طرح کا کھانا آپ کوکسی بھی غذائی فوائد کے بغیر خالی کیلوریزدیتا ہے۔ اور یہ رمضان میں آپ کے زیادہ کھانے اور وزن بڑھانے کا بھی ایک سبب ہوسکتا ہے۔

اعتدال پسندی میں کامیابی ہے۔

دن بھر کا طویل روزہ رکھنےکےبعد اپنےپسندیدہ کھانےکی خواہش کرنا ایک معمولی بات ہے،لیکن اگرواقعتاً آپ کو اس کا انتخاب کرناہوتو، اسےہردن کےبجائےہفتےمیں ایک بار تک محدود کرنےکی کوشش کریں۔ پورے ہفتے کے بجائے صرف ایک دن اپنی خواہشات کو پورا کریں اور اس ایک دن جی بھر کر اپنے پسندیدہ کھانے کھا لیں۔ یا صحت مندآپشن کےساتھ اپنےپسندیدہ کھانےکوتبدیل کرنے کی کوشش کریں۔ اس طرح آپ کی اپنی پسند کا کھانا کھانے کی خواہش بھی پوری ہوجائے گی، آپ صحتمند کھانوں سے بھی مستفید ہوتے رہیں گےاور اس کے ساتھ ساتھ آپ صحیح اورصحت مند ٹریک پربھی چلتے رہیں گے۔

awazurdu

  فائبر آپ کا بہترین دوست ہے۔

ایک طویل دن کےروزے کےدوران اوراس کےبعد کم توانائی کی سطح انتہائی نارمل ہے۔ اس مسئلےسےنمٹنےکےلیے، اپنی ڈائیٹ میں فائبر سے بھرپور چیزوں کو ضرور شامل کریں، اپنی غذا میں فائبر کا استعمال زیادہ رکھیں تاکہ آپ کی آنتیں حرکت میں رہیں اور آپ تندرست و توانا رہیں۔

فائبر کی وافر مقدار پرمشتمل کچھ کھانوں میں تازہ پھل اور سبزیاں شامل ہیں جوآپ کےجسم میں فائبرکی سطح کو برقرار رکھتی ہیں۔ لہٰذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ سحری کے ساتھ ساتھ اور افطاری میں بھی فائبر کو پابندی سے اپنی خوراک میں شامل کریں۔

چکنائی آپ کی دشمن ہے۔

اعتدال کے ساتھ اچھے فیٹس صحت مند زندگی اور متوازن غذا کا لازمی حصہ ہیں، لیکن ہم اپنی روز مرہ غذا میں تیل کی زیادہ مقدار کھانے کےعادی ہیں اوررمضان ایسا مہینہ ہے جس میں تیل یا چکنائی کا استعمال معمول سےزیادہ ہوجاتاہے۔ جو بالآخر ہمیں دل کے امراض میں مبتلا کرسکتا ہے یا اس کے نتیجے میں ہماری شریانوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہےکہ اپنے تیل استعمال کرنے کے لیول کوجانچیں اورصحتمند متبادلات کا انتخاب کریں۔

awazurdu

یہ کچھ نکات ہیں جوآپ کورمضان کےروزے رکھتےہوئے اپنے دھیان میں رکھنے چاہئیں۔ کیونکہ صحت مند کھانےکا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ اپنےتمام پسندیدہ کھانوں کو چھوڑ دیں، بلکہ ہمارے کہنے کا مقصد ہے کہ آپ جو کچھ بھی کھاتے ہیں اس کےساتھ آپ کو تھوڑا سا منظم طریقہ اپنانا ہوگا تاکہ آپ صحت مند اور توانا رہیں اور رماضان المبارک کی برکات سے خوب فیضیاب ہوسکیں۔

رمضان مبارک!!!