جانیے !ایک کیلے کا دم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2023
 جانیے !ایک کیلے کا دم
جانیے !ایک کیلے کا دم

 

ویب ڈیسک :  روزانہ ایک سیب کھانے کی عادت ڈاکٹر کو دور رکھتی ہے مگر ایک اور پھل بھی ایسا کر سکتا ہے۔ اور وہ پھل کیلا ہے۔ کیلا دنیا میں سب سے زیادہ کھائے جانے والے پھلوں میں سے ایک ہے اور لگ بھگ ہر موسم میں آسانی سے دستیاب ہوتا ہے۔

درحقیقت روزانہ صرف ایک کیلے کو کھانے سے بھی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس میں فائبر، اینٹی آکسائیڈنٹس اور دیگر متعدد غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں

ایک میڈیم سائز کیلے سے پوٹاشیم، وٹامن بی 6، وٹامن سی، میگنیشم، کاپر، فائبر اور نباتاتی مرکبات جسم کا حصہ بنتے ہیں۔ اس کے فوائد درج ذیل ہیں۔

فائبر کی موجودگی

فائبر ایسا غذائی جز ہے جو ہمارا جسم ہضم نہیں کرپاتا اور اسی وجہ سے یہ صحت کے لیے بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔

ایک کیلے میں 3 گرام فائبر ہوتا ہے اور اس غذائی جز سے آنتوں کی صحت بہتر ہوتی ہے، کھانے کے بعد پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے، انسولین کی مزاحمت کم ہوتی ہے جبکہ کھانے کے بعد بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ نہیں ہوتا۔

کیلوں میں فائبر کی ایک اور قسم  پیسٹائن  بھی موجود ہوتی ہے جو بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

جسمانی وزن میں کمی

کیلوں میں موجود فائبر سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے کیونکہ اس سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے اور بے وقت کچھ کھانے کی خواہش نہیں ہوتی۔

البتہ اس پھل کی بہت زیادہ مقدار کھانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

پوٹاشیم سے بھرپور

کیلوں کو پوٹاشیم کے حصول کے لیے بہترین ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ ایک کیلے میں 0.4 گرام پوٹاشیم موجود ہوتا ہے جو روزانہ درکار مقدار کے 9 فیصد حصے کے برابر ہے۔

پوٹاشیم وہ غذائی جز ہے جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پوٹاشیم سے بھرپور غذا کے استعمال سے بلڈ پریشر کو کم رکھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

میگنیشم کا حصول

میگنیشم بھی جسم کے لیے انتہائی اہم غذائی جز ہے اور متعدد افعال کے لیے اس کی ضرورت ہوتی ہے۔

غذا میں میگنیشم کے زیادہ استعمال سے متعدد دائمی امراض بشمول ہائی بلڈ پریشر، امراض قلب اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے تحفظ ملتا ہے۔ میگنیشم کا استعمال ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔

نظام ہاضمہ کے لیے مفید

کیلوں میں موجود نباتاتی مرکبات نظام ہاضمہ میں موجود صحت کے لیے مفید بیکٹریا کی غذا بنتے ہیں۔

اس کے نتیجے میں نظام ہاضمہ کی صحت بہتر ہوتی ہے اور قبض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ صحت کے لیے فائدہ مند اینٹی آکسائیڈنٹس کیلوں میں متعدد اینٹی آکسائیڈنٹس بشمول فلیونوئڈز موجود ہوتے ہیں جو صحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔

ان اینٹی آکسائیڈنٹس سے امراض قلب اور عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہونے والے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اسی طرح خلیات کو تکسیدی تناؤ سے تحفظ ملتا ہے۔

گردوں کی صحت بہتر ہو سکتی ہے

پوٹاشیم گردوں کے افعال کے لیے بہت اہم غذائی جز ہے۔ تو گردوں کو صحت مند رکھنے کے لیے کیلے کھانے سے فائدہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس پھل میں پوٹاشیم کی مناسب مقدار موجود ہوتی ہے۔