فضائی آلودگی:پنجاب ، ہریانہ کی حکومتوں پر سپریم کورٹ برہم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-10-2024
فضائی آلودگی:پنجاب ، ہریانہ کی حکومتوں پر سپریم کورٹ برہم
فضائی آلودگی:پنجاب ، ہریانہ کی حکومتوں پر سپریم کورٹ برہم

 

نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے معاملے میں بدھ (23 اکتوبر 2024) کو سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اس دوران عدالت نے سی اے کیو ایم کو اس حقیقت پر سرزنش کی کہ پرالی جلانے کو روکنے میں ناکام ہونے والے اہلکاروں کے خلاف براہ راست کارروائی کرنے کے بجائے اس نے انہیں نوٹس جاری کیا اور ان سے جواب طلب کیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اور چیف سیکرٹری پنجاب کی سرزنش بھی کی۔

جسٹس ابھے اوکا نے کہا، ایڈوکیٹ جنرل، ہمیں بتائیں کہ آپ نے کس افسر کی ہدایت پر ٹریکٹر اور مشینوں کے لیے مرکز سے فنڈ مانگنے کا جھوٹا بیان دیا۔ ہم فوری طور پر اس افسر کو توہین کا نوٹس جاری کریں گے۔ چیف سیکرٹری بتائیں کہ ایڈووکیٹ جنرل کو کس افسر نے ہدایات دیں۔ جیسے ہی پنجاب کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو جج غصے میں آگئے اور کہا ہمیں کچھ کہنے پر مجبور نہ کریں۔ ریاستی حکومت کی سنجیدگی نظر آ رہی ہے۔

پہلے ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ کسی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ اب آپ بتا رہے ہیں کہ اس سال 5 مقدمات درج ہوئے ہیں۔ صرف 5؟ کیا یہ ممکن ہے؟ عدالت نے پنجاب حکومت کا سابقہ ​​حلف نامہ دکھایا جس میں لکھا تھا کہ کسی کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔ جج کی بات سننے کے بعد سنگھوی نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں۔۔چیف سکریٹری بھی مانتے ہیں کہ یہ اس طرح لکھا گیا ہے۔

اس پر عدالت نے کہا کہ آپ کا حلف نامہ یہ بھی نہیں بتا رہا ہے کہ گاؤں کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹی کب بنی، نوڈل افسر کب مقرر ہوئے۔ حکومت نے یہ حکم کب پاس کیا؟ اگر یہ کمیٹی بنی تھی تو اس نے اب تک کیا کیا؟ جج کے سوال پر سنگھوی نے کہا کہ تقریباً 9000 لوگ ہیں۔ ہم مکمل تفصیلات کے ساتھ حلف نامہ دائر کریں گے۔ یہ سن کر جسٹس امان اللہ نے کہا کہ 9000 لوگوں نے مل کر کیا صرف 9 واقعات انجام دیئے؟ واہ! سپریم کورٹ نے پنجاب اور ہریانہ حکومتوں پر سخت نکتہ چینی کی۔

عدالت نے کہا کہ دونوں ریاستوں نے پرالی جلانے والوں کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی نہیں کی۔ عدالت نے کہا کہ اگر یہ حکومتیں واقعی قانون کو نافذ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو کم از کم مقدمہ چلایا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب سے کہا کہ تقریباً 1080 خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، لیکن آپ نے صرف 473 افراد سے برائے نام جرمانہ وصول کیا۔ آپ 600 یا اس سے زیادہ لوگوں کو بچا رہے ہیں۔ ہم آپ کو واضح طور پر بتاتے ہیں کہ آپ خلاف ورزی کرنے والوں کو یہ اشارہ دے رہے ہیں کہ ان کے خلاف کچھ نہیں کیا جائے گا۔ پچھلے تین سالوں سے ایسا ہو رہا ہے۔