سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز کہاکہ گذشتہ 10سال کے دوران جموں وکشمیر کے عوام نے سخت ترین مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا اور5اگست2019کے فیصلے نہ صرف کشمیر بلکہ جموں کے عوام کیلئے بہت زیادہ نقصاندہ ثابت ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے اس خطہ کو اقتصادی اور معاشی بدحالی کے اندھیروں میں دھکیلنے میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑی لیکن بدقسمتی سے الیکشن سے عین قبل بھاجپا نے مذہب کے نام پر گندی سیاست شروع کی اور وہ یہاں کے عوام بہت حد تک گمراہ کرنے میں کامیاب رہے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ عوام کے بنیادی اور اہم نوعیت کے مسائل و مشکلات کا سدباب کرنا نومنتخبہ عوام کی اولین ترجیح ہے لیکن یہاں کے لوگوں کے درمیان جو دوریاں بڑھانے کی مذموم کوششیں کی گئی ہیں اُن کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان کے مطابق ریاست کے اندر خطوں کے درمیان جو دوریوں کو کم کرنے کیلئے دربار مو کی بحالی جیسے ٹھوس اور کارگر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ لوگ ماضی کی طرح آپس میں ملیں اور ایک ساتھ زندگی بسر کرنے لگیں۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ10سال کے دوران ریاستی عوام کو جو مصائب اور مشکلات جھیلنے پڑے ، جموں کی آبادی سے اُس سے بچ نہیں پائی۔ یہاں بھی کمر توڑ مہنگائی ، اقتصادی بدحالی اور ریکارڈ توڑ بے روزگاری سے لوگ پریشانِ حال ہیں۔ نوجوان پود کو مایوسی کے بھنور میں دھکیلاگیاہے، وہ ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہیں اور منشیاتی جیسی لعنت میں گر گئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حکومت کے سامنے بہت سارے چیلنج ہے اور مجھے اُمید ہے کہ حکومت عوام کو راحت پہنچانے میں کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے نظام معقولیت اور فیس میں کمی ،پینے کے پانی کی سپلائی بہتر بنانے اور راشن کوٹا میں اضافہ جیسے وعدوں پر نیشنل کانفرنس حکومت قائم ہے اور حکومت منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کو ایک ایک کرکے پورا کریگی۔ اس دوران ملاقی ہونے والوں نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اسمبلی الیکشن میں جیت پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے لوگوں کو شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ جیت اصل میں عوام کی جیت ہے، جنہو ں نے اپنی اس آبائی جماعت کو ماضی کی طرح بے پناہ محبت، تعاون اور اشتراک دیکر سرخرو کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اُمید ظاہرکی کہ نو منتخب ممبران اسمبلی اور حکومت ہر سطح پر لوگو ںکی راحت رسانی اور اُن کے مشکلات حل کرنے میں دن رات لگن اور محنت کیساتھ کام کرتے رہیں گے