علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہئ کامرس کے پروفیسر محمد محسن خان کو یونیورسٹی کا پرو وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر خان ایک ممتاز ماہر تعلیم، محقق اور منتظم ہیں جنھیں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تین دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے۔ اس دوران وہ یونیورسٹی میں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے 2014 سے 2016 تک فیکلٹی آف کامرس کے ڈین کے طور پر خدمات انجام دیں اور 2016 سے 2019 تک شعبہئ کامرس کے چیئرمین کے طور پر کام کیا۔ مزید برآں، وہ تین سال سے زائد عرصے تک یونیورسٹی کے پراکٹر کے عہدے پر فائز رہے اور فی الحال یونیورسٹی کے فنانس آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ایک ماہر محقق کے طور پر پروفیسر خان نے درجنوں تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں اور کئی کتابیں اور مونوگراف لکھی ہیں۔ انہوں نے متعدد قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں، سیمینار وں اور سمپوزیم میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے 15 پی ایچ ڈی اسکالرز کی رہنمائی کی ہے، اور چار دیگر اسکالرز ان کی نگرانی میں تحقیق کر رہے ہیں۔
پروفیسر محسن خان نے کئی اہم تحقیقی منصوبوں کی قیادت کی ہے، جن میں آئی سی ایس ایس آر سے امداد یافتہ تحقیقی پروجیکٹ بعنوان ”نیا متوسط طبقہ: بڑھتی ہوئی ہندوستانی معیشت پر کنزیومر مارکیٹ کے حوالہ سے اثرات - دہلی اور این سی آر کی کیس اسٹڈی“ (2017-19) شامل ہے۔ انہوں نے اے ایم یو میں کئی اہم انتظامی عہدوں پر کام کیا، جن میں یونیورسٹی گیس سروسز کے ممبر انچارج اور یونیورسٹی سوئمنگ کلب کے صدر کے عہدے شامل ہیں۔ ان کے اختصاص کے شعبہ جات میں انتریپرینیورشپ، بینکنگ و فنانس، اور مالیاتی ادارے و بازار شامل ہیں۔ شعبہئ کامرس کے چیئرمین اور فیکلٹی کے ڈین کے طور پر انہوں نے متعدد تعلیمی سرگرمیوں بشمول چار ورکشاپ، ایک بین الاقوامی کانفرنس اور ایک قومی سیمینار کا اہتمام کیا۔ کھیلوں میں ان کی خاص دلچسپی ہے اور یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے تحت انھوں نے متعدد کھیل مقابلوں کے انتظام و انصرام میں فعال کردار نبھایا ہے