وارانسی: آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کی ٹیم نے پہلی بار گیانواپی کا ایک مستند نقشہ بنایا ہے۔ اے ایس آئی کے مطابق جیمز پرنسپ اور دیگر نے جو نقشے بنائے تھے وہ کاشی کے لوگوں سے بات چیت پر مبنی نہیں تھے۔ نقشے تخیل کے مطابق بنائے گئے تھے جنہیں مستند نہیں کہا جا سکتا۔
یہ پہلا موقع ہے جب گیانواپی کی لمبائی اور چوڑائی اور اس کے ڈھانچے کو سائنسی طریقہ استعمال کرتے ہوئے مستند تفصیلات دستیاب کی گئی ہیں۔ گیانواپی کی 839 صفحات کی سروے رپورٹ ضلع جج کی عدالت میں داخل کی گئی تھی۔ پلاٹ نمبر 9130 پر واقع گیانواپی کمپلیکس کا نقشہ رپورٹ کے جلد نمبر 4 کے صفحہ نمبر 207 میں پیش کیا گیا ہے۔
اس کے مطابق پہلی بار گیانواپی کمپلیکس کا ملبہ صاف کرنے کے بعد جدید آلات کی مدد سے سائنسی طریقہ استعمال کرتے ہوئے نقشہ بنایا گیا ہے۔ ایسا پہلے نہیں ہوا تھا۔
رپورٹ میں مرکزی ہال، ناردرن ہال، سدرن ہال، ایسٹ ویسٹ اور نارتھ سائوتھ کوریڈورز اور گیانواپی کے موجودہ ڈھانچے سے ملحق کمروں کی لمبائی اور چوڑائی کی اصل حالت کی تفصیل دی گئی ہے۔ سروے میں شامل آثار قدیمہ کے ماہرین کے مطابق ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ تاریخ میں پہلی بار گیانواپی کا مستند نقشہ اے ایس آئی نے بنایا ہے۔