علی گڑھ : ملک کے سب سے باوقار تعلیمی اداروں میں سے ایک علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں ایک نوٹس کو لے کر ہنگامہ ہوگیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نوٹس میں بیف بریانی کا لفظ استعمال کیا گیا تھا، جسے دیکھ کر ہندو طلباء غصے میں آگئے اور زبردست ہنگامہ کیا۔ جب شکایت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انتظامی افسران تک پہنچی تو انہوں نے معاملے پر پردہ ڈالنا شروع کردیا۔
پراکٹر وسیم علی نے کہا کہ اے ایم یو کے سلیمان ہال کے مینو میں تبدیلی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، یہ ٹائپنگ کی غلطی تھی۔ مینو میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کھانا پہلے جیسا ہی دیا جائے گا۔ اس سے پہلے جب یہ خبر ہندو طلبہ تک پہنچی تو وہ ناراض ہوگئے اور اے ایم یو انتظامیہ پر سنگین الزامات لگانے لگے۔
ہندو طلباء کا کہنا ہے کہ اس مینو کے ذریعے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ طلبہ کا غصہ دیکھ کر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی بھی حرکت میں آگئی۔ اے ایم یو انتظامیہ کی شکایت کے بعد پولیس نے فوڈ کے دو سینئر افسران کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا کہ ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے ایسا ہوا۔
سینئر فوڈ اور سینئر ہال کو غفلت کے باعث ہٹا دیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ دیر رات اے ایم یو کے سلیمان ہال کے ڈائننگ ہال میں سینئر فوڈ اور سینئر ہال کی طرف ایک نوٹس جاری کیا گیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ جس میں لکھا ہے کہ آپ کی ڈیمانڈ پر سنڈے لنچ کا مینو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اب چکن بریانی کے بجائے بیف بریانی پیش کی جائے گی۔ یہ تبدیلی بہت سی درخواستوں کے بعد کی گئی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آپ ہمارے مینو میں اس نئی تبدیلی سے لطف اندوز ہوں گے۔ مینو کے وائرل ہوتے ہی ہنگامہ شروع ہو گیا۔
اس کے بعد انتظامیہ نے سینئر فوڈ ڈائننگ محمد فیض اللہ اور مزمل احمد بھٹی کے خلاف جذبات مجروح کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دونوں سینئر فوڈ اسٹوڈنٹس ہیں۔ رات گئے اس سلسلے میں پرووسٹ ڈاکٹر فصیح راغب گوہر کی جانب سے وضاحت کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے بھی اسے ٹائپنگ کی غلطی قرار دیا ہے۔