بنگال: بی جے پی سماج کو بانٹ رہی ہے، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے: ممتا بنرجی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2025
بنگال: بی جے پی سماج کو بانٹ رہی ہے، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے: ممتا بنرجی
بنگال: بی جے پی سماج کو بانٹ رہی ہے، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے: ممتا بنرجی

 

کولکاتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا، ہم سبھی مذاہب کے احترام میں یقین رکھتے ہیں۔ میں رام کرشن پرم ہنس، سوامی وویکانند پر ایمان رکھتی ہوں۔ میں آپ سب سے گزارش کرتی ہوں کہ اگر بی جے پی کی باتوں سے مشتعل ہوکر کوئی بنگال میں بدامنی پھیلانا چاہے، تو اسے روکیے۔ جب ہم درگا پوجا مناتے ہیں، تو وہ کہتے ہیں کہ ہم پوجا کرنے نہیں دیتے۔

ہر گھر میں سرسوتی پوجا ہوتی ہے، پھر بھی وہ یہی کہتے ہیں۔ سبھی کو ہر مذہب کا احترام کرنا چاہیے، یہی ہماری روایت ہے۔ یہ میٹنگ وقف ترمیمی قانون کے سلسلے میں ہو رہی ہے، جو کولکاتا کے نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔ اسٹیڈیم کے باہر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ممتا نے کہا کہ بھارت کی ترقی میں تمام مذاہب کے لوگوں نے کردار ادا کیا ہے، لیکن آئین کو کمزور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ بی جے پی سماج میں نفرت پھیلانے کا کام کر رہی ہے۔

ممتا نے دعویٰ کیا کہ مرشدآباد میں فرقہ وارانہ تشدد پہلے سے منصوبہ بند تھا۔ بی جے پی نے رام نومی کے دوران فساد کرانے کی منصوبہ بندی کی تھی، لیکن وہ ناکام رہی۔ میں لوگوں کو تقسیم نہیں ہونے دوں گی۔ میں اتحاد چاہتی ہوں، اور سماج کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین رکھتی ہوں۔ ہم بی جے پی کو مرکز کی حکومت سے ہٹانے کے بعد اس کے لائے گئے تمام عوام مخالف قوانین کو واپس لیں گے۔ میں تمام مذہبی رہنماؤں سے اپیل کرتی ہوں کہ عوام کے پاس جائیں اور اتحاد کا پیغام دیں۔ ہمیں سب کو ساتھ لے کر رہنا ہے، یہی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرشدآباد کے کچھ علاقوں میں وقف قانون کو لے کر پرتشدد واقعات ہوئے۔ اگر ٹی ایم سی ان میں ملوث ہوتی، جیسا کہ اپوزیشن دعویٰ کرتا ہے، تو اس کے لیڈروں کے گھروں پر حملے نہ ہوتے۔ پارلیمنٹ میں وقف قانون کی مخالفت میں ٹی ایم سی سب سے آگے رہی ہے۔ بی جے پی کے زیر سرپرستی کچھ میڈیا ادارے مغربی بنگال کو بدنام کرنے کے لیے دیگر ریاستوں کے تشدد کے ویڈیوز چلا رہے ہیں۔

ممتا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا، "وزیر اعظم کو چاہیے کہ امیت شاہ کو قابو میں رکھیں۔ میں وزیر اعظم سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ کسی بھی ظالمانہ قانون کو نافذ نہ ہونے دیں۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا، مرکز کو یہ جواب دینا چاہیے کہ کتنے نوجوانوں کو نوکری ملی ہے؟

دواؤں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں، لیکن کچھ 'گوڈی میڈیا' صرف بنگال کے خلاف بولتے ہیں۔ اگر آپ کو کچھ کہنا ہے، تو میرے سامنے آکر کہیے، میرے پیچھے نہیں۔ بی جے پی کی حمایت یافتہ کچھ میڈیا چینلز جھوٹے ویڈیوز دکھا کر بنگال کو بدنام کر رہے ہیں۔ ہم نے ان کی حقیقت پکڑ لی۔ انہوں نے کرناٹک، یو پی، بہار اور راجستھان کے آٹھ ویڈیوز دکھائے اور بنگال کا بتایا۔ انہیں شرم آنی چاہیے۔