چھوٹاراجن کو ضمانت ملی، عمرقید کی سزا معطل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-10-2024
چھوٹاراجن کو ضمانت ملی، عمرقید کی سزا معطل
چھوٹاراجن کو ضمانت ملی، عمرقید کی سزا معطل

 

ممبئی:بمبئی ہائی کورٹ نے 2001 کے جیا شیٹی قتل کیس میں گینگسٹر چھوٹا راجن کو ضمانت دے دی۔ اسے اس سال کے شروع میں مجرم قرار دیا گیا تھا اور اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم اب عدالت نے سزا معطل کر دی ہے۔ جسٹس ریوتی موہتے ڈیرے اور جسٹس پرتھوی راج چوان کی ڈویژن بنچ نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر ضمانت دی۔

عدالت نے بدھ کو راجن کی عمر قید کی سزا کو معطل کرتے ہوئے اس کیس میں ضمانت دے دی۔ تاہم راجن ایک اور مجرمانہ کیس کے سلسلے میں جیل میں ہی رہیگا۔ آپ کو بتا دیں، جیا شیٹی وسطی ممبئی کے گام دیوی میں گولڈن کراؤن ہوٹل کی مالک تھیں۔ ممبئی کی مکوکا عدالت کے خصوصی جج ایم ایم پاٹل نے راجن کو مجرم قرار دیا تھا۔ جیا شیٹی، جسے چھوٹا راجن گینگ کی جانب سے بھتہ خوری کی دھمکیوں کا سامنا تھا، کو 4 مئی 2001 کو گینگ کے دو مبینہ ارکان نے ہوٹل کی پہلی منزل پر گولی مار دی تھی۔

چھوٹا راجن گینگ کی جانب سے بھتہ خوری کی دھمکیوں کی اطلاع ملنے کے بعد ہوٹل والے کو پولیس تحفظ فراہم کیا گیا۔ لیکن حملے سے دو ماہ قبل شیٹی کی درخواست پر ان کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی تھی۔ چھوٹا راجن کا نام راجندر سداشیو نکلجے ہے۔ وہ 13 جنوری 1960 کو پیدا ہوا تھا۔ 2001 میں، جیا شیٹی کو راجن کے گرگوں نے گرانٹ روڈ پر گولڈن کراؤن ہوٹل میں اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب اس نے تاوان ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ راجن گینگ نے روی پجاری کے ذریعے جیا شیٹی سے 50 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

اس کیس کے دیگر ملزمان اجے موہتے، پرمود دھونڈے اور راہل پاوسرے کو 2013 میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا اور انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ساتھ ہی حال ہی میں چھوٹا راجن کو قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ اسے انڈونیشیا میں گرفتار کیا گیا تھا اور اکتوبر 2015 میں ہندوستان لایا گیا تھا۔ تب سے وہ تہاڑ، نئی دہلی کی جیل نمبر دو میں بند ہے۔ یہ سیل ہائی سیکیورٹی ہے۔ چھوٹا راجن جو کبھی داؤد ابراہیم کے قریب تھا، 1993 کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد داؤد گینگ سے الگ ہو گیا تھا۔