کورونا : پچاس ٹیمیں مہاراشٹر، چھتیس گڑھ اور پنجاب روانہ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-04-2021
بگڑتے حالات اور حکومت کے اقدام
بگڑتے حالات اور حکومت کے اقدام

 

 

مرکز نے حال ہی میں کووڈ کے یومیہ نئے معاملوں میں اضافے اور لگاتار ہونے والی اموات کے پیش نظر مہاراشٹر، چھتیس گڑھ اور پنجاب کے 50 ضلعوں میں صحت سے متعلق کثیر مقصدی اعلیٰ سطح کی 50 ٹیمیں روانہ کی ہیں۔ یہ ٹیمیں مہاراشٹر کے 30 ضلعوں، چھتیس گڑھ کے 11 ضلعوں اور پنجاب کے 9 ضلعوں میں بھیجی گئی ہیں تاکہ کووڈ اُنیس وبا کو پھیلنے سے روکنے اور اس پر نگرانی کرنے کے علاوہ اُس کو کنٹرول کرنے کے لئے ریاست کے صحت کے محکمے اور مقامی اتھارٹیز کی مدد کی جاسکے۔

دو رکنی اعلیٰ سطحی ٹیم ماہر طب اور سرکاری صحت کے ماہر پر مشتمل ہے۔ یہ ٹیمیں فوری طور پر ریاستوں کا دورہ کریں گی اور کووڈ سے نمٹنے خاص طور پر جانچ کے معاملے میں نفاذ کی مجموعی طور پر نگرانی میں کریں گی۔ اِس کے علاوہ یہ ٹیمیں اسپتال میں بستروں، ایمبولنس، وینٹی لیٹرس، میڈیکل آکسیجن کی دستیابی کے علاوہ کووڈ اُنیس ٹیکہ کاری کی پیش رفت کی بھی نگرانی کریں گی۔

مرکز کی طرف سے تین سینئر افسروں کی مہاراشٹر، چھتیس گڑھ اور پنجاب کی ریاستوں کے لئے نوڈل افسر کے طور پر تقرری کی گئی ہے۔ ٹکسٹائل کی وزارت میں ایڈیشنل سکریٹری وجے کمار سنگھ پنجاب کے لئے، چھتیس گڑھ کے لئے ماحولیات کی وزارت میں ایڈیشنل سکریٹری رِچا شرما اور تمل ناڈو اور مہاراشٹر کے لئے مکانات اور شہری امور کی وزارت میں جوائنٹ سکریٹری کمار نوڈل افسر مقرر کئے گئے ہیں۔

کووڈ اُنیس سے نمٹنے کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی سرکاروں کی کوششوں کو مستحکم کرنے کی غرض سے مرکزی حکومت وقتاً فوقتاً ٹیمیں بھیجتی رہی ہے تاکہ وہ ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا دورہ کرسکیں۔