گرمیوں میں دہلی والوں کے لیے بڑی راحت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-03-2025
گرمیوں میں دہلی والوں کے لیے بڑی راحت
گرمیوں میں دہلی والوں کے لیے بڑی راحت

 

نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کے وزیر توانائی آشیش سود نے حال ہی میں کہا تھا کہ دہلی میں اب بجلی کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی۔ وزیر توانائی نے اسمبلی میں کہا کہ پچھلی حکومت کی غلطیوں کے باوجود بی جے پی حکومت دہلی کے عوام پر بجلی کی قیمتوں کا اضافی بوجھ نہیں پڑنے دے گی۔ ہماری حکومت بجلی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
دہلی میں بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا 
اس سے قبل، دہلی کے وزیر توانائی نے اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا اشارہ دیا تھا،  انہوں نے اس کی وجہ آپ حکومت کے ذریعہ چھوڑے گئے ڈسکامس کے 27,000 کروڑ روپے کے قرض کو قرار دیا۔ وزیر توانائی سود نے کہا تھا کہ ڈسکام کو بقایا رقم کی وصولی کے لیے شرح بڑھانے کا حق ہے۔ وزیر نے کہا تھا کہ پچھلی حکومت نے ڈی ای آر سی کے ذریعے 27 ہزار کروڑ روپے کے ریگولیٹری اثاثوں کا قرض ڈسکام پر چھوڑا تھا۔ اس کی وصولی کے لیے کمپنیوں کو بجلی کے نرخ بڑھانے کا حق دے دیا گیا ہے۔
آشیش سود نے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال کے بجلی کی کٹوتی پر دیے گئے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کجریوال جھوٹے بیانات دے کر دہلی کے لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ جنوری 2025 میں ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک 3278 بجلی کی کٹوتی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت کے دوران بھی ہزاروں بار بجلی کی کٹوتی ہوئی ہے۔