آلودگی سے نمٹنے کے لیے دہلی حکومت کا بڑا فیصلہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-11-2024
آلودگی سے نمٹنے کے لیے دہلی حکومت کا بڑا فیصلہ
آلودگی سے نمٹنے کے لیے دہلی حکومت کا بڑا فیصلہ

 

نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) بدھ کو 'شدید' زمرے میں رہا۔ وزیر ماحولیات گوپال رائے نے اعلان کیا کہ ریاستی سرکاری ملازمین میں سے 50 فیصد گھر سے کام کریں گے۔ بدھ کو مسلسل تیسرا دن ہے جب دہلی-این سی آر کا اے کیو آئی 'شدید' زمرے میں رہا۔
صبح 7 بجے دہلی کا اوسط اے کیو آئی 423 تھا، جس میں شہر کا سب سے آلودہ علاقہ منڈکا (464) ہے، اس کے بعد وزیر پور اور علی پور (462) ہیں۔ صبح 7 بجے تک آئی جی آئی ایئرپورٹ پر حد نگاہ 800 میٹر تھی۔
گوپال رائے نے ایکس پر لکھا کہ آلودگی کو کم کرنے کے لیے دہلی حکومت نے سرکاری دفاتر میں گھر سے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 50فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ اس کے نفاذ کے لیے آج دوپہر ایک بجے سیکرٹریٹ میں عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔
آلودگی کو کم کرنے کے لیے دہلی حکومت نے سرکاری دفاتر میں گھر سے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی میں آلودگی کو روکنے کے اقدامات
دہلی-این سی آر میں اسموگ اور فضائی آلودگی کی اعلی سطح کے پیش نظر، کمیشن برائے فضائی معیار کے انتظام نے پیر کی صبح سے گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے مرحلہ چار  کو نافذ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ جس کے تحت  پٹرول فور وہیلر اور ڈیزل گاڑیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ باہر سے آنے والے تمام ٹرک اور ڈیزل بسوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ دہلی این سی آر میں تمام اسکول بند کردیئے گئے ہیں اور کلاسیں آن لائن چلیں گی۔
اسی دوران دہلی حکومت کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے مصنوعی بارش کے لیے منگل کو مرکزی حکومت کو خط لکھا۔ انہوں نے مصنوعی بارش کے لیے مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو کو خط لکھا اور کہا کہ دہلی میں آلودگی بہت سنگین زمرے میں ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے مصنوعی بارش کرنے کی ضرورت ہے۔